news
English

پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو آؤٹ کلاس کرکے پہلی کامیابی حاصل کرلی

پشاور زلمی کی تباہ کن بولنگ کی بدولت لاہور قلندرز 78 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی

پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو آؤٹ کلاس کرکے پہلی کامیابی حاصل کرلی PHOTO COURTESY: PSL

دبئی: پی ایس ایل کے ساتویں میچ میں پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو چاروں شانے چت کرتے ہوئے 7 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں پہلی کامیابی حاصل کرلی۔

دبئی کے انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو آؤٹ کلاس کردیا، کپتان ڈیرن سیمی نے ٹاس جیتا اور پہلے لاہور قلندرز کو بیٹنگ کرنے کی دعوت دی، زلمی کے حسن علی کی تباہ کن بولنگ کی بدولت لاہور قلندرز کی پوری ٹیم 16 ویں اوورز میں پویلین لوٹ گئی، قلندرز کے 8 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکے،ڈیوسچ نے سب سے زیادہ 18 رنز بنائے جب کہ ڈیویلیئرز 14 اور آغاز سلمان 13 رنز بنا سکے۔

پشاور زلمی کی جانب سے حسن علی نے سب سے زیادہ 4 شکار کیے، وہاب ریاض نے 3 ، ابتسام شیخ نے 2 اور پولارڈ نے ایک وکٹ حاصل کی۔ 

تعاقب میں عمرامین نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے کی 61 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، ان کی باری میں 10 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا، زلمی نے مطلوبہ ہدف صرف 10 عشاریہ ایک اوورز میں 3 وکٹوں پر حاصل کرلیا، کامران اکمل نے صفر، امام الحق نے ایک، میڈسن نے 5 اور پولارڈ نے 6 رنز بنائے۔

لاہور قلندرز کی جانب سے راحت علی، شاہین آفریدی اور حارث رؤف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

لاہور قلندرز کے کپتان محمد حفیظ زخمی ہونے کی وجہ سے آج کا میچ نہیں کھیل سکے اور ان کی غیرموجودگی میں اے بی ڈیویلئرز قیادت کی ذمہ داریاں نبھائیں۔

ایونٹ میں لاہور قلندرز کا یہ تیسرا جب کہ پشاور زلمی کا دوسرا میچ تھا، لاہور قلندرز نے ایک میچ میں کامیابی حاصل کی ہے اور 2 میں اسے ناکامی کا سامنا رہا ہے، پشاور زلمی اپنا پہلا میچ ہار چکی ہے اور اس نے آج کامیابی کا کھاتہ کھولا ہے۔