news
English

اسلام آباد یونائیٹڈ کے حسن چیمہ پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی کا حصہ بن گئے 

حسن چیمہ کو بطور مینجر اینالیٹکس اینڈ ٹیم اسٹریٹجی کے طور پر گرین شرٹس کا حصہ بنایا گیا ہے، پی سی بی

اسلام آباد یونائیٹڈ کے حسن چیمہ پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی کا حصہ بن گئے 

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی مینز سلیکشن کمیٹی میں حسن چیمہ کی تقرری کی تصدیق کردی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی معروف فرنچائز اسلام آباد یونائیٹڈ کے اسٹریٹجی مینجر حسن چیمہ کو قومی ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کا حصہ بنایا گیا ہے۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ حسن چیمہ کو دنیا بھر میں فرنچائز کرکٹ میں ڈیٹا اینالسٹ کے طور پر کام کرنے کا تجربہ ہے اور ایشیاکپ سمیت آئندہ سیریز میں ہمیں گرین شرٹس کی حکمت عملی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

ہارون رشید پی سی بی سلیکشن کمیٹی کی قیادت کریں گے جبکہ حسن چیمہ (سیکرٹری سلیکشن کمیٹی اور مینجر اینالیٹکس اینڈ ٹیم اسٹریٹجی)، مکی آرتھر (قومی مینز ٹیم کے ڈائریکٹر) اور گرانٹ بریڈ برن (قومی مینز ٹیم کے ہیڈ کوچ) ہوں گے۔

چیئرمین پی سی بی مینیجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی نے گزشتہ دنوں ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ حسن چیمہ کی شمولیت سے سلیکشن کمیٹی کو ڈیٹا اینالسٹ حاصل کرنے میں مدد ملے گی کیونکہ وہ اس کام کے ماہر ہیں۔

واضح رہے کہ سلیکشن کمیٹی کا پہلا ٹاسک آئندہ ماہ لاہور میں فاسٹ باؤلرز اور اسپن باولرز کے لئے لگائے جانے والے کیمپس کے لئے کھلاڑیوں کا انتخاب ہوگا۔