news
English

جورڈن تاخیر سے پاکستان چھوڑنے کے فیصلے پر مطمئن

ہیلز نے علامات سے آگاہ کیا تو پی ایس ایل کے التوا کا اعلان ہوگیا

جورڈن تاخیر سے پاکستان چھوڑنے کے فیصلے پر مطمئن فوٹو: پی ایس ایل

کرس جورڈن تاخیر سے پاکستان چھوڑنے کے فیصلے پر مطمئن ہیں،ان کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کیلیے دیر تک رکنے پرکوئی پچھتاوا نہیں،میڈیم پیسر کے مطابق اس وقت کورونا وائرس کا تیزی سے پھیلاؤ شروع نہیں ہوا تھا، واحد خدشہ یہی تھا کہ انگلینڈ میں بھی صورتحال زیادہ خراب ہونے کے بعد فلائٹ آپریشن معطل ہوگیا توگھر واپس نہیں جا سکیں گے،ایلکس ہیلز نے اپنی کیفیت سے ساتھی کھلاڑیوں کو آگاہ کیا تو تیزی سے ایونٹ کے التوا کا فیصلہ ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال میں پی ایس ایل میں شریک کئی کرکٹرز نے لیگ مرحلہ ختم ہونے سے قبل ہی وطن واپسی کا فیصلہ کرلیا تھا، کراچی کنگز کی نمائندگی کرنے والے کرس جورڈن سیمی فائنلز اور فائنل ملتوی ہونے کے بعد پاکستان سے گئے، ایک انٹرویو میں انھوں نے کہاکہ مجھے پاکستان میں دیر تک رکنے پر کوئی پچھتاوا نہیں،اس وقت وہاں کورونا وائرس کا پھیلؤ اتنی تیزی سے شروع نہیں ہوا تھا، ہمیں روزانہ کی بنیاد پر صورتحال سے آگاہ کیا جاتا رہا، واحد خدشہ یہی تھا کہ انگلینڈ میں بھی صورتحال زیادہ خراب ہونے کے بعد فلائٹ آپریشن معطل ہوگیا توگھر واپس نہیں جا سکیں گے۔

البتہ اس بات کا یقین تھا کہ ہمیں کسی بھی صورتحال سے پہلے ہی بتایا جائے گا،انھوں نے کہا کہ ایلکس ہیلز نے اپنی کیفیت سے ساتھی کھلاڑیوں کو آگاہ کیا تو تیزی سے پی ایس ایل کے التوا کا فیصلہ ہوگیا، ہم لوگوں نے ٹیسٹ بھی کرائے لیکن زیادہ تشویش نہیں تھی، میں نے کافی مطالعہ کیا ہے اور جانتا ہوں کہ کوئی بھی کورونا وائرس کی گرفت میں آسکتا ہے،کوئی ایسا شخص بھی آپ کو اس کا شکار کرنے کا سبب بن سکتا ہے جس میں ابھی تک علامات بھی ظاہر نہیں ہوئی ہوں، میں نے صرف اس بات کا خیال رکھا کہ جتنا ہوسکے دوسروں سے فاصلہ برقرار رکھنا ہے۔