news
English

کامران اکمل قومی ٹیم کو ہارتا ہوا کیوں دیکھنا چاہتے ہیں؟

بابر الیون کو افغانستان سے ہارنے کے بعد سے شائقین اور کرکٹ ماہرین کی طرف سے سخت تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

کامران اکمل قومی ٹیم کو ہارتا ہوا کیوں دیکھنا چاہتے ہیں؟

قومی ٹیم کے سابق وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل نے انوکھی منطق پیش کردی، کہتے ہیں پاکستانی کرکٹ کو اگر بہتر کرنا ہے تو قومی ٹیم کو اگلے تمام میچز میں ہارنا چاہیے۔  
کامران اکمل کا یہ ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے جس پر صارفین ملے جلے ردِ عمل کا اظہار کررہے ہیں۔ 
آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ 2023میں پاکستان کو بھارت، آسٹریلیا اور افغانستان سے مسلسل شکستوں کے بعد قومی ٹیم پر سخت تنقید کی جا رہی ہے، سوشل میڈیا صارفین کے ساتھ ساتھ سابق کرکٹرز اور کرکٹ کے ماہرین نے بھی گرین شرٹس کو آڑے ہاتھوں لیا ہوا ہے۔ اسی سلسلے میں پاکستان کے سابق وکٹ کیپر بیٹر کامران اکمل نے مقامی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’ہر کوئی کہہ رہا ہے پاکستان ٹیم کو اگلے چار میچز لازمی جیتنے ہیں، میری دعا ہے کہ اللہ کرے قومی ٹیم کم بیک کرے‘۔
تاہم میں ذاتی طور پر سمجھتا ہوں کہ 'اگر پاکستانی کرکٹ کو بہتر کرنا ہے تو قومی ٹیم کو اگلے سارے میچ ہارنے چاہئیں، کیونکہ اگر قومی ٹیم جیت کر ٹاپ فور میں آگئی تو انہوں نے دوبارہ وہی کام شروع کر دینا ہے'۔   

کامران اکمل کی اس بات پر اینکر نے کہا کہ ’یہ کیا بات کر رہے ہیں؟ پاکستان کا نام ہے، میں پاکستان کو ہارتے ہوئے نہیں دیکھنا چاہتا‘۔ 
جس پر کامران اکمل نے اپنی بات کی وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ’یہ میچ ہارنے کے بارے میں نہیں ہے بلکہ اس سے ان کی انا ختم ہوگی‘۔ 
کامران اکمل کا یہ متنازع ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے جس پر صارفین اپنی رائے دے رہے ہیں۔  
23 اکتوبر کو ورلڈ کپ کے اہم میچ میں افغانستان نے ایک اور بڑا اپ سیٹ کرتے ہوئے پاکستان کو ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی بار بدترین شکست سے دوچار کیا تھا،بابر الیون کو افغانستان سے ہارنے کے بعد سے شائقین اور کرکٹ ماہرین کی طرف سے سخت تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ 
بھارت میں جاری میگا ایونٹ میں پاکستان اپنا اگلا میچ 27 اکتوبر کو چنئی میں جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گا۔