news
English

کراچی ٹیسٹ؛ جنوبی افریقا کے خلاف فواد عالم کی سنچری سے پاکستان کی پوزیشن مستحکم

اظہر علی اور فہیم اشرف کی نصف سنچریاں، محمد رضوان 33 رنز بناکر آؤٹ

کراچی ٹیسٹ؛ جنوبی افریقا کے خلاف فواد عالم کی سنچری سے پاکستان کی پوزیشن مستحکم فوٹو: اے ایف پی

کراچی: جنوبی افریقا کے خلاف کراچی ٹیسٹ میں دوسرے دن کے اختتام پر پاکستان کو 88 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن قومی ٹیم نے فواد عالم کی سنچری کی بدولت جنوبی افریقا کے خلاف 88 رنز کی برتری حاصل کرلی ہے، پاکستان نے 33 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر آج اپنی پہلی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو اظہر علی اور فواد عالم نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے قومی ٹیم کو مشکل صورت حال سے نکالا 94 رنز کی شراکت قائم کی تاہم اظہر علی 51 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

اظہر علی کے بعد فواد عالم کا ساتھ نبھانے محمد رضوان میدان میں اترے تاہم وہ بھی 33 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جب کہ فہیم اشرف نے ساتویں وکٹ پر 102 رنز کی شراکت قائم کی، اس دوران فواد عالم نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی تیسری سنچری مکمل کی جب کہ فہیم اشرف نے نصف سنچری بنائی جس کے بعد 278 رنز پر فواد عالم آؤٹ 109 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے اور کچھ ہی دیر بعد فہیم اشرف بھی 64 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

گزشتہ روز جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 220 رنز بنائے تھے، پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے 3 جب کہ ڈیبیو کرنے والے نعمان علی اور شاہین شاہ آفریدی نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔