بھارتی ٹیم کی لگاتار 11 سیریز میں کامیابی قابلِ ستائش ہے، سابق فاسٹ بالر
سابق پاکستانی فاسٹ بالر شعیب اختر نے ایک یوٹیوب ویڈیو میں بھارتی ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ٹیم 90 کی دہائی میں جیسی تھی ویرات کوہلی کی قیادت میں بھارتی ٹیم آج ایسی ہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 90 کی دہائی میں جارحانہ کرکٹ پاکستانی ٹیم کا خاصا تھی اس انداز کو ویرات کوہلی نے چرایا ہے اور اپنی ٹیم کو جارحانہ کھیل پیش کرنے کے لیے تیار کیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بھارتی ٹیم لگاتار کامیابیاں حاصل کررہی ہے۔
شعیب اختر نے اپنے بیان میں کہا کہ 90 کی دہائی میں پاکستانی ٹیم کے کھلاڑی موج مستی بھی کرتے تھے اور کھیل سے لطف اندوز ہوتے تھے۔ یہ ٹیم جب میدان میں اترتی تھی تو اپنے جارحانہ انداز سے مخالف ٹیم کو تگنی کا ناچ نچاتی تھی آج یہ انداز بھارتی ٹیم میں نظر آتا ہے جس کے باعث بھارتی ٹیم ہر میدان میں کامیابی حاصل کررہی ہے۔ جبکہ پاکستانی ٹیم نے بھارت کی 90 کی دہائی کی دفاعی انداز میں کھیلنے والی ٹیم کا انداز اپنا لیا ہے جو کہ واقعی افسوسناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں بزدلی پر مبنی کرکٹ نہیں چاہیے بلکہ ہمیں جرات آمیز اور بہادری پر مبنی کرکٹ کی ضرورت ہے۔ انہوں ںے کہا کہ بھارت کو نمبر ون ٹیم بننے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے پاکستانی ٹیم کی طرف سے ہر شکست کا ذمے دار قسمت کو ٹھہرانے کے عمل کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ کھیل کے میدان میں قسمت سے زیادہ محنت کا عمل دخل ہوتا ہے۔ ایک پاکستانی ہونے کی حیثیت سے میں ذاتی طور پر چاہتا ہوں کہ پاکستانی ٹیم بھی ایسا ہی اچھا کھیل پیش کرے جیسا بھارتی ٹیم کررہی ہے۔
ہمیں ایسے بہادر لوگوں کی ضرورت ہے جو آج کے دور کے کھیل کو سمجھتے ہوں۔ انہوں ںے کہا کہ وہ اپنی بات نہیں کررہے ان کے علاوہ بھی پاکستان میں یونس خان، راشد لطیف، معین خان، محمد وسیم جیسے شاندار لوگ موجود ہیں جو پاکستانی کرکٹ کو بہت آگے لے کے جاسکتے ہیں۔