news
English

سلطانز اور قلندرزکیلیے ’’آریا پار‘‘ کا وقت آگیا

جارح مزاج بیٹسمینوں کی موجودگی میں ایلیمنیٹر میں سخت مقابلے کی توقع

سلطانز اور قلندرزکیلیے ’’آریا پار‘‘ کا وقت آگیا فوٹو: پی سی بی

کراچی: پی ایس ایل میں ملتان سلطانز اور لاہور قلندرزکیلیے ’’آریا پار‘‘ کا وقت آگیا جب کہ دوسرے ایلیمنیٹر میں آج سامنا ہوگا۔

پی ایس ایل 5کوالیفائر کے سپر اوور میں کراچی کنگز سے شکست کا شکار ہونے والی ٹیم ملتان سلطانز کو فائنل تک رسائی کا دوسرا موقع اتوار کو لاہور قلندرز کیخلاف ایلیمنیٹر ٹو میچ میں ملے گا، دونوں ٹیموں نے ابھی تک باہمی میچز میں 3، 3فتوحات حاصل کی ہیں، ملتان سلطانز کا زیادہ سے زیادہ ٹوٹل 200 جبکہ لاہور قلندرز کا 204 رہا،پی ایس ایل 5 لیگ مرحلے میں پہلا میچ ملتان سلطانز دوسرا لاہور قلندرز نے جیتا تھا۔

سلطانز کے کپتان شان مسعود کو ٹاپ آرڈر میں ذیشان اشرف اور ایڈم لیتھ کی خدمات حاصل ہوں گی، مڈل آرڈر میں رائیلی روسو، روی بوپارہ اور خوشدل شاہ جیسے جارح مزاج بیٹسمین موجود ہیں،شاہد آفریدی جیسا میچ ونر بھی ٹیم کو میسر ہے، پیس بیٹری میں تجربہ کار سہیل تنویر اور باصلاحیت محمد الیاس شامل ہیں، محمد عرفان کوالیفائر میں اچھی فارم میں نظر نہیں آئے لیکن اپنی طویل قامت کا فائدہ اٹھانے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں، عمران طاہر جیسا اسٹار اسپنر بھی ٹیم میں موجود ہے۔

دوسری جانب پہلے ایلیمنیٹر میں پشاور زلمی کو زیر کرنے والے لاہور قلندرز لیگ مرحلے کے آخر میں عمدہ کارکردگی کا سلسلہ برقرار رکھنے میں کامیاب رہے، ناک آؤٹ میچ کیلیے کپتان سہیل اختر کو جارح مزاج اوپنرز فخرزمان اور تمیم اقبال کا ساتھ میسر ہے،محمد حفیظ، بین ڈنک، ڈیوڈ ویزا اور سمت پٹیل میں سے کسی ایک کا بیٹ بھی چل گیا تو میچ کا پانسہ پلٹنے کیلیے کافی ہوگا،پیس بیٹری میں ان فارم اسٹار بولرز شاہین شاہ آفریدی کے ساتھ دلبر حسین سے بھی امیدیں وابستہ کی جاسکتی ہیں، میچ میں دلچسپ مقابلے کی توقع ہے۔