news
English

پی سی بی اور اماراتی بورڈ میں سرد جنگ کا خاتمہ

پی سی بی کی پریس ریلیز میں بتایا گیاکہ پاکستان اپنے ایونٹس کی یواے ای میں میزبانی جاری رکھے گا

پی سی بی اور اماراتی بورڈ میں سرد جنگ کا خاتمہ PHOTO: AFP

 پی سی بی اور اماراتی بورڈ کے مابین سرد جنگ کا خاتمہ ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق ایک عرصے سے پاکستان یواے ای کے میدانوں کو نیوٹرل وینیو کے طور پر استعمال کررہا تھا، ایک وقت تھا کہ یہاں پاکستانی ایونٹس کے سوا شاذونادر ہی کسی اور کے مقابلے نظر آتے تھے لیکن گذشتہ کچھ عرصے سے وہاں لیگز کی بہتات ہونا شروع ہوئی، شیڈول متصادم ہونے کی وجہ سے پاکستان کو مالی نقصان کا بھی خدشہ تھا، اس صورتحال میں ملائیشیا کو متبادل نیوٹرل وینیو بنانے کے امکانات پر بھی غور کیا گیا لیکن سہولیات کی کمی اور بارشوں کی وجہ سے یہ بیل منڈھے نہیں چڑھ سکی۔ چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی اور چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد کی اماراتی بورڈ حکام سے ملاقات میں تناؤختم ہوگیا ہے، پی سی بی کی پریس ریلیز میں بتایا گیاکہ پاکستان اپنے ایونٹس کی یواے ای میں میزبانی جاری رکھے گا، ای سی بی نے ان مقابلوں کے دوران پی سی بی کے اخراجات میں نمایاں کمی کا بھی وعدہ کرلیا ہے۔

اماراتی بورڈ ٹی ٹوئنٹی اور ٹی 10 لیگز کا انعقاد 10 دسمبر سے 10 جون تک مکمل کرلے گا، اس دوران پی سی بی کا کوئی ایونٹ شیڈول نہیں ہے، پی سی بی/پی ایس ایل ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے ایونٹس کے دوران میزبان بورڈ کوئی لیگ نہیں کرائے گا۔ دوسری جانب بورڈ ذرائع کا کہنا ہے کہ تازہ پیش رفت کے باوجود امارات لیگ کے لیے پلیئرز ریلیز نہ کرنے کی پالیسی برقرار رہے گی، پی سی بی اور پی ایس ایل فرنچائزز پہلے ہی اس پر اتفاق کر چکی ہیں۔

پی سی بی اور ای سی بی کے معاملات طے پانے پر امارات لیگ چیئرمین مسرور

پی سی بی اور ای سی بی کے درمیان معاملات طے پانے پر امارات ٹی ٹوئنٹی لیگ کے چیئرمین نسیم اشرف نے خوشی کا اظہار کیا ہے، انھوں نے کہا کہ فیصلہ دونوں ملکوں کے مابین دیرینہ تعلقات کی مضبوطی کا عکاس ہے،امارات ٹی ٹوئنٹی لیگ ابھرتے ہوئے نوجوان کھلاڑیوں کا ٹیلنٹ نکھارنے میں مدد گار ثابت ہوگی،اس کا پاکستان کرکٹ کو بھی فائدہ ہوگا،ہم امارات لیگ اور پی ایس ایل کو کامیاب بنانے کیلیے پی سی بی کے ساتھ مل کر کام کرینگے،ہماری پوری کوشش ہوگی کہ دونوں ایونٹس عالمی کیلنڈر میں بہترین مقابلوں کے طور پر پہچانے جائیں۔