news
English

پاکستانی ٹیم میں اہم کردار ادا کرنے کے لیے پُرامید ہوں، اظہرمحمود

پاکستانی ٹیم کا اسسٹنٹ کوچ نامزد کیے جانے پر اظہر محمود نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ گرین شرٹس کو ترقی اور کامیابی کی راہ پر گامزن دیکھنا چاہتے ہیں۔

پاکستانی ٹیم میں اہم کردار ادا کرنے کے لیے پُرامید ہوں، اظہرمحمود

قومی ٹیم کے سابق آل راؤنڈر اظہر محمود نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے تمام فارمیٹس کا اسسٹنٹ کوچ نامزد کیے جانے کے بعد اپنے جوش و خروش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ گرین شرٹس کو ترقی اور کامیابی کی راہ پر گامز دیکھنا چاہتے ہیں۔ 
اظہرمحمود کو پاکستانی کرکٹ ٹیم کے تمام فارمیٹس کے لیے اسسٹنٹ کوچ کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔ اظہر محمود نے حال ہی میں نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم ٹی 20 سیریز کے دوران قومی مینز ٹیم کے ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں سنبھالی تھیں۔ 
اظہرمحمود وائٹ بال کرکٹ میں ہیڈ کوچ گیری کرسٹن اور ٹیسٹ کرکٹ کے کوچ جیسن گلیسپی کے ساتھ تعاون کے منتظر ہیں۔ 
اظہرمحمود نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹویٹر(ایکس) پر لکھا کہ تمام فارمیٹس کے لیے اسسٹنٹ ہیڈ کوچ کا تقرر ایک بہت بڑا اعزاز ہے اور قابلِ فخر بات ہے، جس سے مجھے ایک بار پھر اپنے ملک کی خدمت کرنے کا موقع ملا ہے۔ پاکستان اور کرکٹ نے مجھے ایک نام اور عزت بخشی ہے اور میں اس کھیل کے ساتھ آگے بڑھنے کے لیے بے چین ہوں جس نے مجھے بہت کچھ دیا ہے۔ ہمارے تجربے اور علم کی مشترکہ دولت کے ساتھ، میں پاکستانی ٹیم میں اہم کردار ادا کرنے کے لیے پر امید ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجھے پختہ یقین ہے کہ ثابت قدمی، یقین اور نظم و ضبط ٹیم کی ترقی کی بنیاد ہیں۔،،  
اظہرمحمود اپنے نئے کردار کو ادا کرنے کے منتظر ہیں اور ٹیم کے اس سفر کے آغاز پر مداحوں کی حمایت کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہیں۔ 
ان کا کہنا تھا کہ میں اس نئے کردار کا بے تابی سے انتظار کر رہا ہوں اور میں اس بات کو تسلیم کرتا ہوں کہ ہمارے مداحوں کی حمایت اور دعائیں بہت اہم ہیں کیونکہ ہم ایک ساتھ اس سفر کا آغاز کرتے ہیں۔،، 
غور طلب امر ہے کہ پی سی بی نے جنوبی افریقہ سے گیری کرسٹن اور آسٹریلیا سے جیسن گلیسپی کو مردوں کی قومی کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا ہے۔ پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے اتوار کےروز لاہور میں ایک پریس کانفرنس میں یہ اعلان کیاتھا۔