ابھی کسی تبدیلی کا کوئی ارادہ نہیں،جلد ٹیم مینجمنٹ سے ملوں گا
چیئرمین پی سی بی احسان مانی مشکل وقت میں کپتان سرفراز احمد کی حمایت میں سامنے آ گئے اور انھوں نے وکٹ کیپر کی قیادت پر اظہار اعتماد کرتے ہوئے اگلی سیریز میں ٹیم سے بہتر کھیل کی امیدیں باندھ لیں۔
یو اے ای میں جاری ایشیا کپ میں پاکستان ٹیم بنگلہ دیش کیخلاف37 رنز کی شکست کا شکار ہوکر فائنل میں جگہ نہ بنا سکی، اس سے قبل اسے روایتی حریف بھارت سے بھی دونوں میچز میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا، ایونٹ میں سرفراز احمد کی بیٹنگ بھی اچھی نہیں رہی جبکہ قیادت پر بھی اعتراضات اٹھائے جا رہے ہیں، البتہ چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے ان پر مکمل اظہار اعتماد کیا ہے۔
دبئی سے فون پر نمائندہ ’’ایکسپریس‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ جب ٹیم جیتے تو کپتان کی بہت تعریفیں ہوتی ہیں کہ اس سے اچھا کوئی اور ہے ہی نہیں، اب ہارے ہیں تو نکالنے کی باتیں ہونے لگیں،البتہ میرا ابھی کسی قسم کی تبدیلیوں کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
نائب کپتان کی تقرری کے سوال پر انھوں نے کہا کہ میں 1،2 روز میں ٹیم مینجمنٹ سے ملاقات کروں گا،ان سے ایشیا کپ میں کارکردگی پر تبادلہ خیال کیا جائیگا، ٹیم کے ناقص کھیل کی وجوہات جاننے کی بھی کوشش ہوگی۔
واضح رہے کہ احسان مانی گزشتہ چند روز سے دبئی میں ہی مقیم ہیں، وہ وہاں ایشین کرکٹ کونسل کی میٹنگ میں شرکت کیلیے گئے تھے، اب انھیں انگلینڈ روانہ ہونا ہے جہاں سے7اکتوبر کو لاہور واپسی ہوگی، چیئرمین بورڈ یکم سے3 اکتوبر تک دبئی میں شیڈول آئی سی سی ڈسپیوٹ کمیٹی میں بھارت کیخلاف پاکستانی کیس کی سماعت کے حوالے سے مشاورت کر رہے ہیں۔