news
English

دورہ انگلینڈ؛ ہیڈکوچ اور چیف سلیکٹر کا 17 رکنی ٹیم بھیجنے پرغور

قومی ٹیم کے دورہ انگلینڈ کے لئے چئیرمین پی سی بی کی منظوری سے 2 اضافی کھلاڑیوں کے ساتھ 17 رکنی ٹیم بجھوانے کی تجویز سامنے آگئی

دورہ انگلینڈ؛ ہیڈکوچ اور چیف سلیکٹر کا 17 رکنی ٹیم بھیجنے پرغور تصویر: اے ایف پی

ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی چیف سلیکٹر انضمام الحق سے کل ملاقات متوقع ہے جس میں دورہ انگلینڈ کے لیے 17 رکنی ٹیم بھیجنے پر غور کیا جائے گا-

قومی ٹیم کے دورہ انگلینڈ کے لئے چئیرمین پی سی بی کی منظوری سے 2 اضافی کھلاڑیوں کے ساتھ 17 رکنی ٹیم بجھوانے کی تجویز سامنے آگئی، اضافی  کھلاڑی بھیجنے کا مقصد انگلش کنڈیشنز کے مطابق کھلاڑیوں کی کارکردگی کو جانچنا ہے اس حوالے سے انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لیے مجوزہ ناموں پر قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے بولنگ کوچ اظہر محمود اور بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور کے ساتھ مشاورت مکمل کرلی۔

اگلے مرحلے میں چیف کوچ مکی آرتھر ایک دو دن میں چیف سلیکٹر انضمام الحق سے ملاقات کرکے مشن ورلڈکپ پلان کو فائنل کریں گے، جس میں فٹنس ٹیسٹ اور کیمپ شیڈول بھی شامل ہے، ورلڈکپ سے پہلے 21 مئی تک منتخب کردہ 15 رکنی ٹیم میں تبدیلی ممکن ہے اس کے بعد انجری کی صورت میں ہی کسی کھلاڑی کا ردوبدل ممکن ہوسکے گا اور اس کے لئے آئی سی سی کی ٹیکنیکل کمیٹی کی منظوری درکار ہوگی۔

انگلینڈ کی کنڈیشنز سے ہم آہنگی اور کھلاڑیوں کو آزمانے کے ساتھ فٹنس ایشوز اور بیسٹ ٹیم کو میدان میں اتارنے کے لیے 17 ارکان کو مشن ورلڈکپ کے پہلے شیڈول 9 میچوں میں باری باری موقع دیا جاے  گا۔ 21 مئی تک 15 رکنی ٹیم فائنل کرکے دو اضافی کرکٹرز کو وطن واپس بجھوایا جائے گا۔ قومی ٹیم 24 اور 27 مئی کو ورلڈکپ کے 2 پریکٹس میچز بھی کھیلے گی۔‏

ورلڈ کپ کے ممکنہ کھلاڑیوں کی فہرست میں کپتان سرفراز احمد ، فخر زمان، ‏امام الحق ، حارث سہیل ، بابراعظم، محمدرضوان،  شعیب ملک، ‏فہیم اشرف، عثمان شنواری، شاداب  خان،  حسن علی، محمد عامر ، عماد وسیم ، محمد حفیظ اور شاہین آفریدی ابتدائی فہرست میں شامل ہیں جب کہ نوجوان فاسٹ باولر محمد حسنین،  آصف علی اور عابد علی کے ناموں پر بھی غور کیا جارہا ہے۔