news
English

ٹوئنٹی 20 کرکٹ میں گرین شرٹس کی حکمرانی برقرار

ٹوئنٹی 20 میں کرکٹ پاکستانی حکمرانی بدستور قائم ہے جب کہ بیٹنگ میں بابر اعظم بھی ٹاپ پوزیشن برقرار رکھے ہوئے ہیں

ٹوئنٹی 20 کرکٹ میں گرین شرٹس کی حکمرانی برقرار PHOTO: AFP

ٹاپ پر پاکستان کی حکمرانی کو کوئی خطرہ نہیں، اسے قریب ترین حریف بھارت پر 13 پوائنٹس کی برتری حاصل ہے۔ بیٹنگ میں بابر اعظم بدستور نمبرون پوزیشن پر فائز جبکہ فخر زمان کا نواں نمبر ہے۔

جنوبی افریقی اوپنر ریزا ہینڈرکس ایک ساتھ 26 درجے کی جست لگا کر 15 ویں نمبر پر براجمان ہوچکے، پال ڈومنی 7 درجہ بہتری سے 32، وان ڈیر ڈوسین 33 درجے ترقی پاکر 41 اور نروشن ڈیکویلا 19 درجہ بہتری سے 78 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔

بولنگ چارٹ میں پاکستان کے تین کھلاڑی شاداب خان، عماد وسیم اور فہیم اشرف بالترتیب دوسرے، چوتھے اور نویں نمبر پر موجود ہیں۔ جنوبی افریقی کرکٹر اینڈل فیلکوایو 14 درجے ترقی پاکر دسویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ تبریز شمسی کو 41 درجے کی چھلانگ نے 35 ویں نمبر پررسائی دلائی،آل راؤنڈرز میں ٹاپ پوزیشن گلین میکسویل کے پاس جبکہ بنگلہ دیشی شکیب الحسن کا دوسرا نمبر ہے۔

دوسری جانب جنوبی افریقہ نے اپنے ملک میں سری لنکا کے خلاف تین ٹوئنٹی 20 میچز کی سیریز میں کلین سوئپ کیا، البتہ اس کی پانچویں پوزیشن میں کوئی فرق نہیں آیا تاہم پوائنٹس آسٹریلیا کے برابر 120 ہوچکے، اعشاریائی فرق کی وجہ سے وہ کینگروز سے پیچھے ہے۔ اسی طرح سری لنکا کو 2 پوائنٹس کی کٹوتی برداشت کرنا پڑی مگر نویں پوزیشن محفوظ رہی۔