ذمے داریاں دینے پرپی سی بی کا مشکورہوں، ہیڈ کوچ قومی ٹیم
قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم کا کوچ اور سلیکٹر بننا بہت بڑا اعزاز ہے، ذمے داریاں دینے پرپی سی بی کا مشکورہوں۔
لاہور میں مصباح الحق کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی سی بی کے سی ای او وسیم خان نے مصباح الحق کے ہیڈ کوچ بننے کا اعلان کیا۔ اس موقع پر وسیم خان نے کہا کہ 2021،2020 میں دوبڑےانٹرنیشنل ایونٹس آرہے ہیں، مصباح کے تجربے سے فائدہ ہوگا، ہم اپنے کوچزکو موقع دے رہے ہیں، ان کوکتنا معاوضہ دے رہیں یہ رازکی بات ہے اور مصباح الحق ہیڈ کوچ اورسلیکٹر ہیں، انھیں کم پیسے کیوں دیں گے جب کہ مصباح الحق کو پی ایس ایل میں کوچنگ کرنےکی اجازت دے دی ہے۔
ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں سنبھالنے والے سابق کپتان مصباح الحق نے کہا کہ پاکستان ٹیم کا کوچ اور سلیکٹر بننا بہت بڑا اعزاز ہے، ذمے داریاں دینے پرپی سی بی کا مشکورہوں، مجھ پر اعتماد کرنے کا شکریہ، سب نے دیکھا ہے کہ تنقید برائے تنقید کو کیسے ڈیل کیا، خامیوں کو دورکرنے کا حوصلہ ہونا چاہیے، 17 سال کرکٹ کھیلی ہے، دستیاب وسائل پرہی حکمت عملی بنائی جاتی ہے۔
مصباح الحق کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم میں پروفیشنلزم کس طرح لانا ہے اس پر کام کرنا ہے اور وقاریونس کے کام میں مداخلت نہیں کروں گا، ہماری شروع سے ہی سوچ تھی کہ سلیکٹر اور کوچ ایک ہی ہونا چاہیے، فائنل الیون کا فیصلہ کپتان کو کرنا چاہیے، کپتان کو سلیکشن میں اہمیت دینی چاہیے۔