news
English

مصباح الحق نے کرکٹ کمیٹی چھوڑنے کا عندیہ دیدیا

انہوں نے کہا کہ فی الحال سب سے زیادہ توجہ سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کرکٹرز پر دی گئی ہے

مصباح الحق نے کرکٹ کمیٹی چھوڑنے کا عندیہ دیدیا تصویر: اے ایف پی

قذافی سٹیڈیم میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مصباح الحق نے کہا کہ ہیڈ کوچ کیلیے ابھی درخواست جمع نہیں کروائی، ابھی تک افواہیں چل رہی ہیں،ہیڈ کوچ کا امیدوار بنا تو کرکٹ کمیٹی چھوڑدوں گا، چیف سلیکٹر اور کوچ ایک ہونا چاہیے، اس میں ذمہ داری کا بوجھ ضرور بڑھے گا لیکن معاملات پر نظر رکھنے میں آسانی ہوگی، لیول ٹوکورس کررکھا ہے،کوچنگ کیلیے درخواست دی تو کرکٹ کمیٹی کی رکنیت چھوڑ دوں گا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ صوبائی ٹیموں کیلیے پول گزشتہ کارکردگی کی بنیاد پر تیار کیا گیا تھا،کوشش کریں گے کہ 3رکنی کمیٹی فہرست پر نظرثانی کرتے ہوئے میرٹ پر فیصلے کرے۔

لاہور میں جاری پری سیزن کیمپ میں کئی کھلاڑیوں کو نظر انداز کرنے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ فی الحال سب سے زیادہ توجہ سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کرکٹرز پر دی گئی ہے،چند مزید پرفارمرز میں بھی موقع دیا گیا ہے، باقی ہائی پرفارمنس کیمپ میں بھی ٹریننگ کیلیے موجود ہوں گے،ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے کرکٹرز کی کارکردگی پر آئندہ سلیکشن کمیٹی نظر رکھے گی۔

مصباح الحق کا کہنا تھا کہ قومی کرکٹرز کی فٹنس میں بہتری ضرور آئی ہے لیکن ابھی مزید کام کرنے کی ضرورت ہے، رمیز راجہ کی طرف دفاعی اپروچ کی وجہ سے ہیڈ کوچ کیلیے غیر موزوں ہونے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ ہر شخص کی اپنی رائے ہے ، لوگ تنقید کرتے ہیں لیکن اپنا کام جاری رکھوں گا۔