سری لنکا اور بھارت کے درمیان تین ون ڈے میچوں کی سیریز کا پہلا ون ڈے جمعہ کو کولمبو کے آر پریماداسا اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
بھارت کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے محمد شیراز کو سری لنکا کی ٹیم میں شامل کر لیا گیا۔ فاسٹ باؤلر محمد شیراز کو متھیشا پتھیرانا کی انجری کور کے طور پر بھارت کے خلاف آئندہ ون ڈے سیریز کے لیے سری لنکا کی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
محمد شیراز، جنہوں نے ابھی اپنا بین الاقوامی ڈیبیو کرنا ہے، فی الحال برگھر ری کری ایشن کلب کے لیے میجر کلبز لمیٹڈ اوور ٹورنامنٹ میں کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے حال ہی میں کرونے گالا یوتھ کرکٹ کلب کے خلاف صرف21 رنز کے عوض 6 وکٹیں لے کر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جس سے ان کی اب تک کی بہترین لسٹ اے بولنگ رجسٹر کی گئی ہے۔
اپنے اب تک کے مقامی کریئر میں 47 لسٹ اے میچوں کے ساتھ، محمد شیراز نے 17.52 کی شاندار اوسط کے ساتھ 80 وکٹیں حاصل کی ہیں جبکہ 29 سالہ کھلاڑی کو سری لنکا کے ڈومیسٹک کرکٹ سرکٹ میں 49 فرسٹ کلاس میچوں اور 23 ٹی ٹوئنٹی میچوں کا بھی تجربہ حاصل ہے۔
سری لنکا اور بھارت کے درمیان تین میچوں کی سیریز کا پہلا ون ڈے جمعہ 2 اگست کو کولمبو کے آر پریماداسا اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گاجبکہ اسی مقام پر بالترتیب 4 اگست اور 7 اگست کو دوسرے اور تیسرے ون ڈے کی میزبانی ہوگی۔
سری لنکا اس ہفتے کے شروع میں پالیکیلے انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں عالمی چیمپئن بھارت سے ٹی20 انٹرنیشنل سیریز 0-3 سے ہارنے کے بعد کھیل میں واپس آنے کا ارادہ کرے گا۔