news
English

قومی ٹیم کے سابق پیسر محمدعامر، بابراعظم کی حمایت میں سامنے آگئے

محمد عامرکا کہنا ہے کہ بابر اعظم کو ایک کھلاڑی کے طور پر کچھ ثابت کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔

قومی ٹیم کے سابق پیسر محمدعامر، بابراعظم کی حمایت میں سامنے آگئے

ایشیا کپ کے بعد ورلڈ کپ میں بھی گرین شرٹس کی مایوس کن کارکردگی کے بعد قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے 15 نومبر کو چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف سے ملاقات میں کرکٹ کے تینوں فارمیٹس کی کپتانی سے استعفیٰ دے دیا تھا جس کے بعد سے بابراعظم مسلسل خبروں میں ہیں۔ 
اسی حوالے سے پاکستانی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر نے کہا ہے کہ بابر اعظم کو خود کو بطور کھلاڑی ثابت کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ ایک مقامی ٹی وی کے اسپورٹس شو میں بات چیت کے دوران محمد عامر نے زور دے کر کہا کہ بابر کو کپتان کے عہدے سے ہٹانے کو ایک چیلنج کے طور پر دیکھنا چاہیے۔ 
محمد عامر کا کہنا تھا کہ بابر اعظم پہلے ہی خود کو ایک باصلاحیت اور ہنرمند کھلاڑی کے طور پر منواچکے ہیں اور اس حوالے سے ثابت کرنے کے لیے کچھ نہیں بچا۔
محمد عامر نے کہا کہ "میرا بابر اعظم کو مشورہ ہے کہ وہ کپتانی چھن جانے کو ایک چیلنج کے طور پر لیں۔ انہیں بطور کھلاڑی اپنے آپ کو ثابت کرنے کے لیے کچھ نہیں کرنا ہے، دنیا جانتی ہے کہ بابراعظم کس لیول کے پلیئر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کو سوشل میڈیا کے ذریعے معلوم ہوا تھا کہ انہیں کپتانی سے ہٹادیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شان مسعود کا ڈومیسٹک سیزن شاندار رہا ہے۔ وہ ریڈ بال فارمیٹ میں ایک بہترین کپتان ثابت ہو سکتا ہے۔ مقامی ٹی وی کے اسپورٹس شو میں آل راؤنڈر عماد وسیم بھی موجود تھے جہاں انہوں نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بابر کا فیصلہ قابل ستائش ہے کیونکہ اس سے انہیں کپتانی کا دباؤ کم کرنے میں مدد ملے گی۔ عماد وسیم نے کہا کہ میرے خیال میں بابر اعظم کا فیصلہ بہت اچھا ہے۔
اب وہ کپتانی کے اضافی دباؤ کے بغیر اپنی بیٹنگ پر پوری توجہ مرکوز کر سکتے ہیں، میں شاہین آفریدی کو بطور ٹی ٹوئنٹی کپتان خوش آمدید کہنا چاہتا ہوں۔ واضح رہے کہ شان مسعود کو ریڈ بال کرکٹ کے لیے قومی ٹیم کا کپتان مقررکیا گیا ہے جب کہ شاہین آفریدی 2024ء میں ہونے والے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ تک ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت کریں گے۔ اس کے علاوہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ڈائریکٹر کرکٹ مکی آرتھر سمیت پاکستانی مینز ٹیم کے پورے کوچنگ اسٹاف کو عہدوں سے ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔
سرکاری بیان کے مطابق پی سی بی نے ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈ برن اور بیٹنگ کوچ اینڈریو پوٹک سمیت پورے کوچنگ اسٹاف کے کردار کو تبدیل کردیا ہے۔ ہفتے کے شروع میں مورنے مورکل نے باؤلنگ کوچ کی حیثیت سے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا، اور یہ توقع کی جا رہی ہے کہ عمر گل کو ان کا جانشین مقرر کیا جائے گا۔