news
English

محمد عامر کا قومی ٹیم میں واپسی پر کُھل کر اظہارِ خیال

قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر نے 2020 میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔

محمد عامر کا قومی ٹیم میں واپسی پر کُھل کر اظہارِ خیال

قومی ٹیم کے سابق پیسر محمد عامر نے قومی ٹیم میں واپسی کے حوالے سے کھل کر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب واپسی مشکل ہے کیونکہ میں آگے بڑھ گیا ہوں۔
پاکستانی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر، جو اس وقت جاری آئی ایل ٹی 20 لیگ میں ڈیزرٹ وائپرز کی نمائندگی کر رہے ہیں، نے قومی ٹیم میں دوبارہ شمولیت کے امکان کے بارے میں کھل کر بات چیت کی ہے۔ محمد عامر نے 2020 میں اس وقت کے ہیڈ کوچ مصباح الحق اور بولنگ کوچ وقار یونس کی جانب سے اپنے ساتھ ہونے والی ناانصافی کا حوالہ دیتے ہوئے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔ 
محمدعامر نے ٹیم انتظامیہ کے ساتھ کام کے حوالے سے عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے ناروا سلوک اور غیر ضروری اقدامات سے ان کی ان کا امیج خراب ہوا ہے۔
آئی ایل ٹی 20 لیگ میں اپنی ٹیم ڈیزرٹ وائپرز کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے رواں ہفتے محمد عامر نے اپنے کرکٹ کیریئر کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے اپنے نقطہ نظر کا اظہار کیا۔
محمد عامر نے اس ہفتے وائپرز ٹیم ہوٹل میں بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت پاکستانی ٹیم میں واپسی کا کوئی سوال ہی پیدا نہٰں ہوتا کیونکہ میں بہت آگے بڑھ گیا ہوں،  میری زندگی میں کرنے کے لیے بہت سی مختلف چیزیں ہیں۔ 
تین سال سے بین الاقوامی کرکٹ سے دور رہنے والے سابق پیسر نے ابھرتے ہوئے کرکٹ کے منظر نامے میں اپنی واپسی کے حوالے سے پیچیدگیوں کا اشارہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ "تین سال تک انٹرنیشنل سسٹم سے باہر رہنا ایک طویل عرصہ ہے، اگر آپ اس وقت پاکستان کے نظام کو دیکھیں تو یہ ہر ایک مہینے بدل رہا ہے لہذا آپ کو کبھی معلوم نہیں ہوتا کہ اب کیا آنے والا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ "میرے لیے یہ بحث اب بند ہوچکی ہے، تین سال باہر رہنے کے بعد مجھے نہیں لگتا کہ واپس آنا میرے لیے کوئی سمجھداری کا فیصلہ ہوگا۔ ابھی کے لیے، کم از کم، مجھے نہیں معلوم کہ اگلے چند سالوں میں کیا ہوگا۔"