news
English

آئی پی ایل2024: ممبئی اور حیدرآباد کے میچ میں ریکارڈزکی برسات  

دونوں ٹیموں نے ٹی20 کرکٹ کی تاریخ کا سب بڑا مجموعہ کھڑا کردیا۔

آئی پی ایل2024: ممبئی اور حیدرآباد کے میچ میں ریکارڈزکی برسات  

انڈین پریمئرلیگ (آئی پی ایل) 2024 میں سن رائزرز حیدرآباد اور ممبئی انڈینز کے درمیان کھیلے گئے سنسنی خیزمیچ میں ریکارڈ کے انبار لگ گئے۔ 
حیدر آباد میں کھیلے گئے آئی پی ایل کے آٹھویں میچ میں سن رائزرز حیدرآباد نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 3 وکٹوں کے نقصان پر277 رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا، ٹرویس ہیڈ نے 24 گیندوں پر 62 رنزبنائے، ابھیشیک شرمانے 23 گیندوں پر 63 اور ہینرج کلاسن نے 34 گیندوں پر 80 رنز کی زبردست اننگز کھیلی۔ 
ہدف کے تعاقب میں ممبئی انڈینز کا آغاز متاثر کن نہ رہا تاہم مڈل آرڈر میں تلک ورما 34 گیندوں پر 64 رنز بنانے میں کامیاب رہے جبکہ ٹم ڈیوڈ نے ناقابل شکست 22 گیندوں پر 42 رنز کی اننگز کھیلی۔  
اس میچ میں ٹی20 کرکٹ کی تاریخ کا سب سے زیادہ رنز بننے کا ریکارڈ بھی قائم کیا، جہاں 40 اوورز میں دونوں ٹیموں نے مجموعی طورپر 523رنزبنائے۔ 

اس سنگ میل نے سال 2023 میں جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ہونے والے میچ کا ریکارڈ توڑدیا ہے جس میں مجموعی طورپر 517 رنزبنائے گئے تھے۔

ٹی20 کرکٹ میں سب سے زیادہ مجموعی کے ساتھ ٹاپ 5 میچز:

سن رائزرز حیدرآباد بمقابلہ ممبئی انڈینز – 523 رنز (2024)

جنوبی افریقہ بمقابلہ ویسٹ انڈیز – 517 رنز (2023)

لاہور قلندرز بمقابلہ ملتان سلطانز – 515 رنز (2023)

سرے بمقابلہ مڈل سیکسس – 506 رنز (2023)

ٹائٹنز بمقابلہ نائٹس – 501 رنز (2022) 
آئی پی ایل 2024 کے اس شاندار میچ میں چھکوں کا بھی ریکارڈ قائم ہوا، جہاں میچ کے دوران دونوں ٹیموں کی جانب سے 38 چھکے لگائے گئے، ممبئی انڈینز نے 20 جبکہ سن رائزرز حیدرآباد کے بلےبازوں نے 18 چھکے لگائے۔  
ایک اور ریکارڈ میں سن رائزرز حیدرآباد نے ابتدائی 7 اوورز میں 100 رنزبنائے جبکہ پہلے 10 اوورزمیں 148 رنزمحض 2 وکٹوں کے نقصان پر بنائے تھے جو ٹورنامنٹ کا اب تک کا سب سے بڑا اسکور ہے۔ 

جنوبی افریقہ کے فاسٹ بولر کوینا مافاکانےاپنے چار اوورز کے اسپیل میں 66 رنز لٹائے، انہیں بلےبازوں کی جانب سے 5 چھکے اور7 چوکے لگائے گئے۔