یہاں تک پہنچنے کے لیے بڑی محنت اور پریکٹس کی ہے، نوجوان بلے باز کی بات چیت
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے نوجوان اور باصلاحیت بلے باز خواجہ نافع کا کہنا ہے کہ انہوں نے کرکٹ کی دنیا میں ہمیشہ روہت شرما اور بابر اعظم کو فالو کیا ہے، ہر میچ میں اپنے پلان کے مطابق کھیلتا ہوں جب دباؤ ہو گا تو اس کو دیکھ لیں گے۔ پی ایس ایل مٰں کھیلنا بڑے اعزاز کی بات ہے۔
تفصیلات کے مطابق کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے جارح مزاج بیٹر خواجہ نافع کا کہنا ہے کہ انہوں نے جب سے کرکٹ دیکھنا اور کھیلنا شروع کی ہے ہمیشہ روہت شرما اور بابر اعظم کو فالو کیا ہے، روہت شرما ہر طرح کے بولرز کو سافٹ ہینڈ سے چھکے مارتے ہیں، ان کا کھیل دیکھنے میں بڑا مزہ آتا ہے۔۔
ایک انٹرویومیں خواجہ نافع نے کہا کہ بابر اعظم کو اس لیے فالو کیا کہ میں ٹی وی پر جب بھی دیکھتا وہ رنز کر رہے ہوتے تھے، ان کی شاندار بلے بازی کو دیکھ کر میں متحرک ہوا اور میں نے رنز بنانے کے لیے بہت محنت کی۔
انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے شاٹس کو بہتر بنانے اور گرائونڈ اعتماد حاصل کرنےکے لیے 10 سال محنت کی ہے، مجھے ایک دوست نے سوشل میڈیا اکاؤنٹ بنا کر اپنے شاٹس اپ لوڈ کرنے کا کہا، کوچ سے اجازت لی اور پھر ساری ویڈیوز میری کوچ ہی ڈلواتے رہے جس سے شہرت ملی۔ خواجہ نافع نے کہا کہ میں نے یہاں تک پہنچنے کے لیے بڑی محنت اور پریکٹس کی ہے، مجھے اپنی محنت پر بھروسہ تھا جس کی وجہ سے میں پی ایس ایل میں اچھی اننگز کھیلنے میں کامیاب ہوا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بیٹر کا کہنا تھا کہ ٹیم مینجمنٹ کے اراکین بہت اعتماد دیتے ہیں، غیر معمولی اننگز کھیلنے کے بعد اسی ردھم کو برقرار رکھنے کا کوئی دباؤ نہیں ہوتا، میں اپنے پلان کے مطابق کھیلتا ہوں جب دباؤ ہو گا تو اس کو دیکھ لیں گے۔انہوں نے کہاکہ سرفراز احمد یہی کہتے ہیں کہ جاؤ وہ کرو جو تم نے سیکھا ہے، پی ایس ایل میں میرا دوسرا میچ تھا ابھی 8 میچز ہیں ان میں اچھا پرفارم کرنا چاہوں گا، ابھی کے لیے صرف پی ایس ایل ہے آگے کیا ہو گا وہ بعد میں دیکھیں گے، ہمارا بطور ٹیم پلان یہی ہے کہ ہمیں باقی میچز بھی جیتنے ہیں۔