news
English

ہارون رشید پاکستان کرکٹ ٹیم کے نئے چیف سلیکٹر مقرر

 لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) کی منیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے اعلان کیا ہے کہ ہارون رشید قومی ٹیم کے نئے چیف سلیکٹر ہوں گے۔

ہارون رشید پاکستان کرکٹ ٹیم کے نئے چیف سلیکٹر مقرر

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ آئین کے تحت چیف سلیکٹر اور کپتان کی تقرری میرا اختیار ہے، سلیکشن کمیٹی کے دوسرے ارکان کا اعلان مشاورت سے کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ ایشین کرکٹ کونسل کا اجلاس چار فروری کو بحرین میں ہوگا جس میں اپنا موقف پیش کریں گے جبکہ افغانستان کے خلاف سیریز ابھی ممکن نہیں۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ شان مسعود کو نائب کپتان بنانے کے لیے سب سے مشاورت کی تھی اور نائب کپتان کو پلیئنگ الیون میں کھلانے کے لیے کوئی دباو نہیں ڈالا گیا تھا۔ بابر اعظم ہمارا بہترین کرکٹر ہے اور اسکی کپتانی کے حوالے سے تمام خبریں بے بنیاد ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مکی آرتھر سے بات چیت جاری ہے اور امید ہے کہ مکی آرتھر جلد ٹیم کو جوائن کر لیں گے۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ فاسٹ بولر محمد عامر ریٹائرمنٹ واپس لینا چاہتے ہیں تو وہ ٹیم میں آ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے کھلاڑیوں کا آئی سی سی ٹیم آف دی ایئر میں شامل ہونا خوش آئند ہے۔