احمد آباد میں واقع اس انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں 1 لاکھ سے زائد شائقین کرکٹ، لائیو میچ سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔
ایشیائی کرکٹ کے روایتی حریفوں کے درمیان آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ 2023 کا مقابلہ احمد آباد کے نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
انڈین ایکسپریس کی رپورٹس کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے پاک بھارت ورلڈکپ مقابلے کے لئے نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم کا انتخاب کیا ہے، جس میں 1 لاکھ سے زائد شائقین کرکٹ، لائیو میچ سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔
رپورٹس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ انڈین پریمئیر لیگ (آئی پی ایل) کے اختتام پر ورلڈکپ کے شیڈول کا اعلان کیا جاسکتا ہے۔
پاکستان اپنے ورلڈکپ کے میچز سیکیورٹی وجوہات کی بناء پر چنئی اور بنگلورو میں کھیل سکتا ہے جبکہ کولکتہ کے مشہور ایڈن گارڈنز کو بھی پاکستان کے میچز کی میزبانی کا ممکنہ مقام سمجھا جارہا ہے۔
دوسری جانب چیئرمین پی سی بی مینیجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ ایشیا کپ اور ورلڈ کپ کے بارے میں قومی امنگوں کے مطابق دوٹوک مؤقف اپنائیں گے۔
قبل ازیں ایشیاکپ میں بھارتی بورڈ نے اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار کردیا جس پر پاکستان نے سخت موقف اپناتے ہوئے کہا کہ اگر ہندوستان کی ٹیم پاکستان کا دورہ نہیں کرتی تو ورلڈکپ میں گرین شرٹس کی شرکت ممکن نہیں۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ بھارت میں پاکستانی ٹیم کو سیکیورٹی مسائل درپیش ہیں اس لیے اپنی ٹیم بھیجنے کے لئے حکومتی کلئیرنس کی ضرورت ہوگی۔
واضح رہے کہ آئی سی سی میگا ایونٹس کا شیڈول ایک سال پہلے ہی جاری کردیا جاتا ہے، 2019 میں انگلینڈ اور ویلز میں ہونے والے گزشتہ ورلڈکپ میچز کی تاریخوں اور وینیوز کا اعلان بھی 12 ماہ پہلے ہی کردیا گیا تھا مگر اس بار پاک بھارت کی پیچیدہ صورتحال کی وجہ سے غیر معمولی تاخیر دیکھنے میں آرہی ہے۔
یاد رہے کہ دونوں ٹیمیں سال 2016 میں بھارتی سرزمین پر آخری بار ایک دوسرے کے مدمقابل آئی تھیں۔