نسیم شاہ کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کیخلاف ڈیبیو ٹیسٹ میں زیادہ بہتر پرفارم کرنے میں کامیاب نہیں ہوا
نسیم شاہ نے ٹیسٹ کرکٹ کے بعد ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچز میں بھی ملک کیلیے کارنامے سر انجام دینے کا عزم ظاہر کردیا۔
پی سی بی پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے نوجوان پیسر نے کہا کہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں اسٹار کرکٹرز کو پریکٹس کرواتے ہوئے رشک کرتا تھا کہ کبھی مجھے بھی ملک کی نمائندگی کا موقع ملے گا، دو سال میں ہی میرا یہ خواب پورا ہوگیا، پاکستان کے لیے کھیلا اور اب سنٹرل کنٹریکٹ بھی مل گیا۔
نسیم شاہ کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کیخلاف ڈیبیو ٹیسٹ میں زیادہ بہتر پرفارم کرنے میں کامیاب نہیں ہوا، بہرحال ہمت نہیں ہاری اور محنت کا سلسلہ جاری رکھا جس کا صلہ بھی مل گیا، سب سے زیادہ فٹنس ٹیسٹ کرکٹ کیلیے درکار ہوتی ہے، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میں بھی کھیلنے کا موقع دیا گیا تو بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فتوحات میں اہم کردار ادا کروں گا۔