news
English

نسیم شاہ نےاپنے کیریئرکا اہم سنگِ میل عبور کرلیا

دائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر نے اتوار کےروز کھیلے گئے میچ میں ٹم رابنسن کو آؤٹ کرکے 100 بین الاقوامی وکٹیں حاصل کرنے کا شاندار کارنامہ انجام دیا۔

نسیم شاہ نےاپنے کیریئرکا اہم سنگِ میل عبور کرلیا

نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں قومی فاسٹ بولر نسیم شاہ نے اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے وکٹوں کی سنچری مکمل کرلی۔ نسیم شاہ نے اپنےکیریئر کا یہ اہم سنگِ میل پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان راولپنڈی میں  ہونے والے تیسرے ٹی 20 میچ کے دوران عبور کیا۔
پاکستان اگرچہ نیوزی لینڈ کے خلاف اپنا تیسرا ٹی ٹوئنٹی میچ تو ہار گیا مگر قومی فاسٹ بولر نسیم شاہ نے اس میچ میں اپنے کیریئر کا اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے انٹرنیشنل کرکٹ میں اپنی وکٹوں کی سنچری مکمل کرلی۔ نسیم شاہ نے جب کیوی اوپنر ٹم روبنسن کو بولڈ کیا تو یہ بین الاقوامی کرکٹ میں ان کا 100 واں شکار تھا جب کہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں ان کی 17 ویں وکٹ تھی۔ 
نوجوان فاسٹ بولر اب تک بین الاقوامی کرکٹ میں 17 ٹیسٹ میچ میں 51 وکٹیں، 14 ایک روزہ میچوں میں 32 جب کہ 22 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں 17 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔ 
یاد رہے کہ کندھے کی انجری سے صحت یاب ہونے پر 6 ماہ بعد انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کرنے والے نسیم شاہ کی ٹیسٹ کرکٹ میں بہترین بولنگ 85 رنز دے کر 6 وکٹیں جبکہ ون ڈے میں 33 رنز کے عوض 5 وکٹیں لینا اور ٹی ٹوئنٹی میں سات رنز دے کر 2 وکٹیں اڑانا ہے۔ 
واضح رہے کہ گرین شرٹس اور بلیک کیپس کے درمیان پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ بارش کی نذر ہونے کے بعد دونوں ٹیموں نے ایک ایک میچ جیت رکھا ہے جبکہ سیریز کے آخری دونوں میچ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔