نسیم شاہ اپنی سوئنگ اور لینتھ کے ذریعے بلےباز کو ڈراتے ہیں، سابق ٹیم ڈائریکٹر
قومی ٹیم کے سابق ڈائریکٹر محمد حفیظ نے شاہین آفریدی کی جگہ نسیم شاہ کو ابتدائی اوورز میں زیادہ موثر قرار دے دیا۔
مقامی اسپورٹس چینل پر گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ نے کہا کہ کوئی شک نہیں شاہین آفریدی شاندار بولر ہیں، وہ دنیا بھر میں اپنے پہلے اوورز کی وجہ سے پہنچانے جاتے ہیں لیکن مجھے لگتا ہے کہ نسیم شاہ ابتدائی اوورز میں زیادہ خطرناک بولر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نسیم شاہ سوئنگ اور لینتھ کے ذریعے بلےباز کو ڈراتے ہیں اور اس سے غلطی کروانے کی کوشش کرتے ہیں، نوجوان کرکٹر میں وکٹیں لینے کی صلاحیت ہے۔
اس موقع پر وسیم اکرم نے بتایا کہ نسیم شاہ نے پشاور زلمی کے خلاف بھی گڈ لینتھ پر بولنگ کروائی جس سے انہیں وکٹیں ملیں۔
گزشتہ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو 29 رنز سے شکست دی تھی، اس میچ میں فاسٹ بولر نے 4 اوورز میں محض 26 رنز دے کر ایک وکٹ لی تھی۔
دوسری جانب اسلام آباد یونائیٹڈ کے تیز گیند باز نسیم شاہ نے پشاور زلمی کے کپتان کی زبردست بلے بازی کی تعریف کرتے ہوئے بابر اعظم کے خلاف بولنگ کے زبردست چیلنج کو تسلیم کیا۔
نسیم شاہ نے بابر اعظم کے خلاف بولنگ کرانے کو ایک مشکل کام قرار دیتے ہوئے گذشتہ میچ کی تفصیلات بتائیں۔
نسیم نے پی ایس ایل کے حالیہ میچ میں ایک واقعہ سنایا جس میں انہوں نے بتایا کہ میں نے بابراعظم کو ایک غیر معمولی یارکر گیند کرائی جس پر مجھے یقین تھا کہ بابراگرآئوٹ نہ بھی ہوئے تو ڈگمگاضرور جائیں گے، لیکن بابر نے انتہائی مہارت سے اسے تھرڈ مین کی طرف کھیل دیا، بابراعظم ایسے شاندار بلے باز ہیں جو کسی بھی بولر کو اپنی مرضی سے کھیلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔