عاقب جاوید کی جانب سے زمان خان کو نسیم شاہ سے بہتر بولر قرار دینے کے دعوے پر نسیم شاہ نے کرارا جواب دیا۔
قومی ٹیم کے سابق پیسر عاقب جاوید کی جانب سے فاسٹ بولرز کے موازنے پر نسیم شاہ کا ردعمل سامنے آگیا۔
قومی کرکٹ ٹیم کے باصلاحیت پیسر نسیم شاہ نے لاہورقلندرز کے ہیڈکوچ عاقب جاوید کے سوال پر اپنے خیالات کا اظہار کردیا۔ گزشتہ ہفتے عاقب جاوید نے ایک پریس کانفرنس میں زمان خان کو وائٹ بال کرکٹ میں نسیم شاہ سے زیادہ بہترین بولر قرار دیا تھا۔
کینیڈا میں جاری گلوبل ٹی20 لیگ میں نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ سے سوال کیا گیا کہ سابق کرکٹر عاقب جاوید نے زمان خان کو آپ سے بہتر بولر قرار دیا ہے جس پر انہوں نے کہا کہ کبھی بھی اپنا موازنہ دوسرے بولروں سے نہیں کیا، نہ ہی کبھی یہ کہا کہ میں ایک اچھا بولر ہوں یا میں کسی سے بہتر ہوں۔
نسیم شاہ نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ میرا بنیادی ہدف ٹیم کی فتوحات میں حصہ ڈالنا اور وکٹیں لینا ہے، کبھی بھی ٹیم کے ساتھیوں سے خود کو جانچنے کی کوشش نہیں کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ دیکھیں! ہر کوئی مجھ سے بہتر ہے، میں نے کبھی اس بات پر زور نہیں دیا کہ مجھے دوسروں کے مقابلے میں بہتر بننا ہے۔
قبل ازیں پی ایس ایل کی معروف فرنچائز لاہور قلندرز کے ہیڈکوچ عاقب جاوید نے زمان خان کو دنیا کے بہترین ڈیتھ اوورز کے گیند باز قرار دیتے ہوئے انہیں ون ڈے اور ٹی20 میں پاکستانی بولنگ لائن میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔