ورلڈ کپ 2023 کے لیے منتخب پاکستانی اسکواڈ میں نسیم شاہ کی جگہ حسن علی کو شامل کیا گیا ہے۔
فاسٹ باؤلر نسیم شاہ تین سے چار ماہ کے لیے بین الاقوامی کرکٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے مایہ ناز پیسر نسیم شاہ حالیہ ورلڈ کپ نہیں کھیل سکیں گے کیونکہ سرجری کے باعث انہیں تین سے چار ماہ کے لیے کرکٹ کے میدان سے باہر رہنا پڑے گا۔
نسیم ایشیا کپ کے دوران 11 ستمبر کو بھارت کے خلاف میچ میں کندھے کی انجری کا شکار ہو گئے تھے اور ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے تھے۔ مکمل طبی معائنے اور معروف طبی ماہرین سے مشاورت کے بعد نسیم شاہ کو سرجری کرانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ توقع ہے کہ وہ تین سے چار ماہ میں ٹھیک ہو جائیں گے۔
اُدھر حسن علی نے نسیم کی جگہ ورلڈ کپ 2023 کے لیے منتخب پاکستانی اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔
قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ نسیم شاہ بدقسمتی سے زخمی ہوکر میدان سے باہر ہوگئے ہیں، وہ ہمارے اہم بولر ہیں، جبکہ حسنین کا ٹخنے کا آپریشن ہوا، احسان اللہ کا کہنی کا آپریشن ہوا، انجری کی وجہ سے ہمارے پاس تیز گیند بازوں کے انتخاب کے لیے کچھ ہی آپشنز رہ گئے تھے۔ حسن علی نے حال ہی میں ایل پی ایل اور دیگر جگہوں پر اچھی بولنگ کی ہے، وہ تجربہ کار ہے اور اس سے قبل بڑے ایونٹس میں پاکستان کے لیے اچھا کھیل چکا ہے،‘‘
دوسری جانب نسیم شاہ نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر اپنی مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ایک بھاری دل کے ساتھ، میں یہ بتا رہا ہوں کہ میں اس شاندار ٹیم کا حصہ نہیں بنوں گا جو کرکٹ کے سب سے بڑے ایونٹ میں ہمارے پیارے ملک کی نمائندگی کرے گی، مجھے یقین ہے کہ سب کچھ اللہ کے ہاتھ میں ہے۔ انشاء اللہ بہت جلد میدان میں اتروں گا، مجھے آپ کی دعائوں کی اشد ضرورت ہے۔،،