پاکستان نے گزشتہ ٹی 20 ورلڈکپ میں بابراعظم کی غیرمعمولی پرفارمنس کی وجہ سے بہترین نتائج دیے تھے، سابق انگلش کپتان۔
ٹیم پاکستان کے سابق کپتان بابراعظم سے ٹی 20 ورلڈکپ میں ٹیم کو فتح دلانے کی امیدیں ظاہر کی جانے لگیں۔
سابق انگلش کپتان ناصر حسین نے قومی ٹیم کے سابق کپتان بابراعظم اور بھارتی اسٹار ویراٹ کوہلی کے نئے سال میں بہترین پلیئرز کی پوزیشن پر برقراررہنے کی پیشگوئی کردی۔
انھوں نے کہا کہ کوہلی نے رواں برس عمدہ پرفارمنس پیش کی ہے، اسی طرح آئندہ برس امریکا اور ویسٹ انڈیز میں شیڈول ٹی 20 ورلڈ کپ میں بابراعظم بھی پاکستانی ٹیم کے لیے بڑی اننگز کھیل سکتے ہیں، قیادت کی ذمہ داریوں سے آزاد ہونے پر یقینی طور پر نوجوان بیٹر کو آرام ملے گا۔
ناصر حسین نے مزید کہا کہ پاکستان نے گزشتہ ٹی 20 ورلڈکپ میں بابرکی غیرمعمولی پرفارمنس کی وجہ سے بہترین نتائج دیے تھے اور امید ہے کہ اگلے برس وہ دوبارہ اسی طرح کی پرفارمنس کو دہرا پائیں گے۔