news
English

     نئی کمیٹی یا گورننگ بورڈ: الیکشن کمشنر کے پاس2 آپشنز موجود

عدالتی فیصلے میں الیکشن کمشنر کو ہی بی او جی تشکیل دینے کا اختیارحاصل ہے۔

       نئی کمیٹی یا گورننگ بورڈ: الیکشن کمشنر کے پاس2 آپشنز موجود

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی نئی مینجمنٹ کمیٹی یا گورننگ بورڈ کی تشکیل، الیکشن کمشنر کے پاس دونوں آپشنز موجود ہوں گے۔ 
ذکا اشرف گذشتہ دنوں چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی کی پوسٹ سے مستعفی ہو گئے تھے،اب پی سی بی میں رواں ہفتے اہم تبدیلیاں متوقع ہیں، الیکشن کمشنر شاہ خاور ابھی قائم مقام چیئرمین نہیں بنے،البتہ آئین کے مطابق ایسا ہی ہونا ہے،جب تک نئی مینجمنٹ کمیٹی نہیں بنتی الیکشن کمشنر ہی بورڈ کی سربراہی سنبھالتا ہے۔ 
ذکا اشرف نے گوکہ استعفیٰ دے دیا ہے البتہ ابھی وزیر اعظم ہاؤس سے منظوری کا نوٹیفکیشن نہیں آیا،پیر کے روز یہ متوقع ہے جس کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا،یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ ذکا اشرف صرف مینجمنٹ کمیٹی سے مستعفی ہوئے ہیں یا انھوں نے گورننگ بورڈ کو بھی چھوڑ دیا ہے، اگر وہ دونوں عہدے چھوڑ چکے ہیں تو وزیر اعظم کی جانب سے گورننگ بورڈ کے لیے نئی نامزدگی بھی آنی ہوگی جو مصطفی رمدے کے ساتھ شامل ہوں گے۔  
 
ذرائع نے مزید بتایا کہ مینجمنٹ کمیٹی کے پاس وقت کم ہے،4 فروری کو وہ تحلیل ہو جائے گی لہذا ممکن ہے کہ نئی کمیٹی بن جائے، البتہ اگر لاہور ہائیکورٹ کا 15دسمبر کو سامنے آنے والا فیصلہ دیکھا جائے تو اس کے تحت الیکشن کمشنر کو ہی بورڈ آف گورنرز تشکیل دینا ہے،اس صورت میں نئی کمیٹی کی ضرورت ہی نہیں پڑے گی،پیر کو ہی صورتحال واضح ہوسکے گی۔ 
دوسری جانب ذکا اشرف کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ وہ اپنا استعفیٰ وزیر اعظم ہاؤس بھیج چکے ہیں، اگر وہاں سے ابھی منظوری نہیں آئی تو انھیں اس کا علم نہیں ہے،وہ بورڈ کی تمام ذمہ داریوں سے سبکدوش ہوگئے ہیں۔