news

ویمن ایشیا کپ 2024: ندا ڈارکی نظریں بھارت کے خلاف فتح پر مرکوز

سخت تیاریوں اور مربوط ٹیم کے مجموعے کی مدد سے ٹیم کا مقصد روایتی حریف بھارت کو اپنے ابتدائی میچ میں شکست دے کر ایشیا کپ میں اپنی مہم کا مضبوط آغاز کرنا ہے۔

ویمن ایشیا کپ 2024: ندا ڈارکی  نظریں بھارت کے خلاف فتح پر مرکوز

پاکستان ویمن ٹیم کی کپتان ندا ڈار کا کہنا ہے کہ ویمن ایشیا کپ میں ہم نے پہلا میچ ہی بھارت سے کھیلنا ہے جس کیلئے پلیئرزمیں کافی جوش ہے کیونکہ اس میچ میں کسی کو اٹھانا اور جگانا نہیں پڑتا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو پہلے بھی ہرایا ہے اس بار بھی جیت کر ایشیا کپ کا آغاز شاندار انداز سے کرنا چاہیں گے۔ 
سری لنکا روانگی سے قبل کرکٹ پاکستان سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ندا ڈار نے ٹیم کی بہتر کارکردگی اور اعتماد میں اضافے پر روشنی ڈالی۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم نے ایشیا کپ کے لیے ایک ٹھوس امتزاج تیار کیا ہے اور اب وہ اپنے اقدامات سے مثبت نتائج کی توقع کرتے ہوئے جدید کرکٹ کھیل رہی ہے۔ 
پاکستانی ویمن ٹیم کی کپتان ندا ڈار کا کہنا تھا کہ ہم نے گذشتہ ایشیا کپ کا سیمی فائنل کھیلا تھا لیکن کامیابی نہیں ملی تھی، اس بار کافی تیاری کی ہے سیمی فائنل اور فائنل جیتنے کی امیدیں نظر آرہی ہیں۔ میری کپتانی میں سیریز میں تو بہت کامیابیاں حاصل کیں لیکن کوئی ٹرافی نہیں جیت سکے۔  
انہوں نے کہا وہ چاہتی ہیں کہ ان کی قیادت میں پاکستان ویمن ٹیم ایشیا کپ یا ورلڈ کپ کی ٹرافی اٹھائے ، ایشیا کپ سری لنکا میں ہے اور ورلڈ کپ بھی بنگلہ دیش میں ہوگا دونوں بڑے ایونٹ ایشین کنڈیشنز میں ہیں اور ہمیں ایشین کنڈیشنز میں کھیلنے کا زیادہ تجربہ ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ سے ورلڈ کپ کی تیاری کا بہترین موقع ملے گا۔ پاکستان ویمن ٹیم میں پہلی بار تسمیہ رباب لفٹ آرم فاسٹ بولر آئی ہیں، ان کی شمولیت سے یقینی طور پر ٹیم کو فائدہ ہوگا جس پر کوچ جنید خان بہت کام کررہے ہیں۔ 
انہوں نے کہا کہ پی سی بی ویمن کرکٹ پر بہت توجہ دے رہا ہے اور اچھے اقدامات بھی کررہا ہے، ایسے فیصلوں سے ویمن کھلاڑیوں کو اعتماد ملتا ہے۔ 
ندا ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان میں خواتین کی کرکٹ کو مزید اوپر جانے میں وقت لگے گا انہوں نے وہ وقت بھی دیکھا ہے جب ویمن کرکٹرز نہیں ہوتی تھیں لیکن اب لڑکیاں اس کھیل میں آرہی ہیں، جونئیر ٹیمیں بھی بن رہی ہیں ہم فوری طور پر نتائج پر جاتے ہیں مگر ٹیموں کو بننے اور وننگ  ٹریک پر آنے میں وقت لگتا ہے۔،،