news
English

پی ایس ایل چھوڑ کرامبانی کی شادی میں جانےوالے پولارڈ تنقید کی زدمیں  

کیرن پولارڈ نے بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے ساتھ تصویر بھی شیئر کی۔

پی ایس ایل چھوڑ کرامبانی کی شادی میں جانےوالے پولارڈ تنقید کی زدمیں  

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا سیزن 9 چھوڑ کربھارتی ارب پتی تاجر مکیش امبانی کے بیٹے  کی شادی میں شرکت کے لیے جانے والے کرکٹر کیرون پولارڈ تنقید کا نشانہ بن گئے۔ 
سوشل میڈیا صارفین نے پی ایس ایل کی ٹیم کراچی کنگز کے کھلاڑی  کیرون پولارڈ کو اننت امبانی کی شادی میں شریک ہونے کے لیے پی ایس ایل چھوڑنے پر آڑے ہاتھوں لے لیا۔
ایک سوشل میڈیا صارف نے سوال کیا کہ اگر پاکستان میں کوئی ایسی شادی ہو رہی ہوتی تو کیا کوئی کھلاڑی انڈین پریمئیر لیگ (آئی پی ایل) چھوڑ کر آتا؟
ایک بھارتی صارف نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ پولارڈ پی ایس ایل کے درمیان شادی میں شرکت کے لیے بھارت آگئے ہیں۔ پی ایس ایل کی کوئی عزت نہیں۔
کیرون پولارڈ نے تقریب میں شریک بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے ساتھ اپنی تصویر بھی سوشل میڈیا پر شئیر کی اور تقریب کو یادگار قرار دیا۔
کچھ سوشل میڈیا صارفین نے پولارڈ اور آئی پی ایل کی ٹیم ممبئی انڈینز اورامبانی خاندان سے ان کے قریبی تعلقات کی بات کی۔
یاد رہے کہ آئی پی ایل کی ٹیم ممبئی انڈینز امبانی خاندان کی ملکیت ہے اور پولارڈ 2010 سے اس ٹیم کا حصہ ہیں۔ 
کیرن پولارڈ گزشتہ روز ہونے والے کراچی کنگز اور ملتان سلطان کے میچ میں شامل نہیں تھے۔ کراچی کنگز کو ملتان کے ہاتھوں اہم میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
دوسری جانب بھارتی گجرات کے شہر جام نگر میں اننت امبانی کی شادی کی تقریبات میں دنیا بھر کی مشہور اور امیر شخصیات نے شرکت کی، جن میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بیٹی ایوانکا ٹرمپ، ایکس (ٹوئٹر)کے سربراہ ایلون مسک اور فیس بک کے بانی مارک زکربرگ بھی شامل تھے۔۔