news
English

پانچویں ٹیسٹ میں ہارنے کے باوجود آسٹریلوی کپتان پین کا اپنی ٹیم پر فخر

آسٹریلوی کپتان ٹم پینے کا کہنا ہے کہ وہ اب بھی اپنی ٹیم کو آگے لے جانے کا عزم رکھتے ہیں۔

پانچویں ٹیسٹ میں ہارنے کے باوجود آسٹریلوی کپتان پین کا اپنی ٹیم پر فخر تصویر: رائٹرز

آسٹریلوی کپتان ٹم پینے کا کہنا ہے کہ اگرچہ ان کی ٹیم ایشز سیریز کے پانچویں ٹیسٹ میں ہار گئی مگر یہ ایک مشن تھا جو مکمل ہوگیا، اتوار کے روز ہونے والے پانچویں میچ میں شکست کے بعد ٹیسٹ سیریز دو دو سے برابر ہوگئی۔

 
2001 کے بعد آسٹریلیا انگلیںڈ کی سرزمین پر کوئی ٹیسٹ میچ نہیں جیت سکا۔ ایشز سیریز کے پانچویں اور آخری میچ میں انگلیںڈ نے آسٹریلیا کو 135 رنز سے ہرادیا۔ 
ٹم پینے کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا نے انگلینڈ سے دو میچ جیتے مگر ان کا سیریز جیتنے کا خواب شرمندہِٗ تعبیر نہ ہوسکا۔ تاہم آسٹریلوی کپتان کو خوشی ہے کہ ان کی ٹیم نے رنز مستحکم رکھنے میں کامیابی حاصل کی جو کہ ان کا اصل مقصد تھا۔

  
انہوں نے کہا کہ سیریز نہ جیتنے پر انہیں تھوڑا افسوس تو ہوا مگر وہ اس شکست کا غم بھلا کر آگے بڑھیں گے۔ 


انہوں نے اپنی ٹیم پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انگلینڈ کی سرزمین پر کھیلنا اور جیتنا آسٹریلیا کے لیے کسی چیلنج سے کم نہیں تھا، تیسرے ٹیسٹ میں ان کی ٹیم نے جیتنے کی بھرپور کوشش کی مگر بدقسمتی سے ایسا ممکن نہ ہوسکا اور میچ ان کے ہاتھ سے نکل گیا۔

 
ان کا کہنا تھا کہ پہلے میچ میں 251 رنز سے کامیابی کے بعد ان کی ٹیم کے اعتماد میں اضافہ ہوا تھا اور انہیں یقین تھا کہ وہ سیریز میں کامیابی حاصل کریں گے۔ آسٹریلوی ٹیم اگرچہ ایشز سیریز میں جیت نہیں پائی مگر کپتان ٹم پینے کا کہنا ہے کہ وہ اب بھی سمجھتے ہیں کہ اپنی ٹیم کو آگے لے کر جائیں گے۔ 


انہوں نے کہا کہ ان کے لیے آگے بڑھنے کے بہت امکانات ہیں۔ آسٹریلوی بلے باز اسٹیو کی شاندار کارکردگی کے باعث ان کی ٹیم کامیابی سے ہم کنار ہوئی تاہم کچھ شعبوں میں بہتری لانے کی ضرورت ہے جن پر ہم کام کررہے ہیں اور ہمیں امید ہے کہ اگلے چند برسوں میں ہم اپنی ٹیم کو اتنا مضبوط بنالیں گے کہ کسی بھی ٹیم کے لیے اسے ہرانا دشوار ہوجائے گا۔