سری لنکا اور پاکستان کے درمیان دوسرا ایک روزہ میچ آج نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا
کراچی کا بپھرا ہوا موسم سنبھل گیا، سیاہ بادل چھٹنے لگے جب کہ کرکٹ کا میلہ آج سجے گا۔
سری لنکا اور پاکستان کے درمیان تین میچوں کی سیریز کا دوسرا ایک روزہ میچ آج نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔ بارش کی وجہ سے جمعہ کو پہلا ون ڈے منسوخ ہوگیا تھا۔
کراچی میں آخری ون ڈے انٹرنیشنل 2009 میں کھیلا گیا تھا، اس وقت یہاں ایکشن میں نظر آنے والی مہمان ٹیم سری لنکا بعد میں لاہور میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ کے دوران دہشت گردوں کے حملے کا نشانہ بنی اور پاکستان کے میدان ویران ہوگئے۔
مئی 2015 میں زمبابوین ٹیم کی لاہور آمد کے بعد سے ملک میں بتدریج انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا سفر جاری ہے،پی ایس ایل میچز، ورلڈ الیون، سری لنکن ٹیم کی واحد ٹی ٹوئنٹی میچ میں میزبانی اور ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز جیسے قدم اٹھائے جا چکے، اب10 سال بعد کراچی میں قدم رکھنے والی سری لنکن ٹیم کے خلاف ون ڈے سیریز سے تاریخ رقم ہونا تھی لیکن خلاف معمول ہونے والی بارشوں نے شائقین، پی سی بی اور کرکٹرز سب کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔
میدان کی حالت کھیلنے کے قابل نہ ہونے کا خدشہ محسوس کرتے ہوئے پاکستان اور سری لنکا کے کرکٹ بورڈز نے اتفاق رائے سے اتوار کو ہونے والا میچ پیر تک ملتوی کرنے کا فیصلہ کر لیا تھا۔
گذشتہ روز دونوں ٹیموں کے کھلاڑی تو ہوٹل تک محدود رہے لیکن موسم نے انگڑائی لی اور مطلع صاف رہا، مسلسل دھوپ نکلی رہی جس سے میدان کو خشک کرنے میں خاصی مدد ملی، اس صورتحال پر پی سی بی حکام نے بھی سکھ کا سانس لیا، جمعے کو بارش کے بعد نیشنل اسٹیڈیم اور اطراف میں موجود پانی کے تالاب نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی میڈیا کی نظروں میں بھی آئے، غیر ملکی ویب سائیٹس پر درجنوں تصاویر پاکستان کی جگ ہنسائی کا باعث بنتی رہیں۔
نکاسی آب کی ناکافی سہولیات اور میدان کو کور کرنے کا کوئی انتظام نہ ہونے پر خاصی تنقید بھی ہوئی، پی سی بی نے اس کا حل یہ نکالا کہ ہفتے کو میڈیا کے نمائندوں کو اسٹیڈیم میں داخل ہونے کی اجازت ہی نہیں دی گئی۔
پیشگوئی کے مطابق پیر کو مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا لیکن بارش کا امکان ظاہر نہیں کیا گیا،امید ہے کہ شائقین کرکٹ کھلاڑیوں کو ایکشن میں دیکھنے کی خواہش پوری کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔
یاد رہے کہ آئی لینڈز کا دورہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلیے ایک اہم پیش رفت کے طور پر دیکھا جارہا ہے،مہمان عہدیداروں کے اطمینان پر دسمبر میں دونوں ملکوں کی ٹیسٹ سیریز کے انعقاد کا امکان بھی روشن ہوجائے گا۔