news
English

بابراعظم نے ون ڈے کرکٹ کی ریکارڈ بک الٹ پلٹ کردی

بابراعظم نے انگلینڈ کے خلاف ایک روزہ کیریئر کی بہترین اننگز کھیلتے ہوئے 158 رنز بنائے

بابراعظم نے ون ڈے کرکٹ کی ریکارڈ بک الٹ پلٹ کردی فوٹو: پی سی بی

قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے انگلینڈ کے خلاف میچ میں کئی ریکارڈ اپنے نام کرلیے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے انگلینڈ کے خلاف ایک روزہ سیریز کے تیسرے اور آخری ون ڈے میں کیریئر کی 14ویں سنچری اسکور کرتے ہوئے کئی ریکارڈ اپنے نام کرلیے۔

بابراعظم نے انگلینڈ کے خلاف ایک روزہ کیریئر کی بہترین اننگز کھیلتے ہوئے 158 رنز بنائے جس میں 4 چھکے اور 14 چوکے شامل تھے۔ بابراعظم پاکستان کی جانب سے 150 رنز بنانے والے پہلے پاکستانی کپتان بھی بن گئے ہیں جب کہ انگلینڈ کے خلاف کسی بھی ٹیم کے کپتان کی جانب سے یہ سب سے بڑی اننگز تھی۔

دوسری جانب بابراعظم نے انگلینڈ کے خلاف ایک روزہ کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے سب سے بڑی انفرادی اننگز بنانے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا۔ اس سے قبل امام الحق نے 2019 میں انگلینڈ کے خلاف 151 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔

انگلینڈ کے خلاف میچ میں بابراعظم اور محمد رضوان کے درمیان ریکارڈ ساز پارٹنرشپ بھی قائم ہوئی۔ قومی ٹیم کے کپتان نے محمد رضوان کے ساتھ ملکر 179 رنز کی شراکت قائم کی جو پاکستان کی جانب سے انگلینڈ کے خلاف ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں اب تک کی سب سے بڑی پارٹنرشپ ہے۔