ویسٹ انڈیز کے شہر پروویڈنس میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 157 رنز بنائے
پاکستان نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں ویسٹ انڈیز کو شکست دیکر 4 میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔
ویسٹ انڈیز کے شہر پروویڈنس میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 157 رنز بنائے جس کے جواب میں میزبان ٹیم 150 رنز ہی بناسکی۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے آندرے فلیچر کھاتہ کھولے بغیر ہی محمد حفیظ کا شکار بن گئے اور ایون لیوس 35 رنز پر ریٹائرڈ ہرڈ ہوگئے جب کہ کرس گیل 16 اور شیمرون ہیٹ میئر نے 17 رنز کی اننگز کھیلی۔
نکولس پورن نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی وہ 33 گیندوں پر 62 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ کپتان کیرون پولارڈ نے 13 رنز بنائے۔ قومی ٹیم کی جانب سے محمد حفیظ، شاہین آفریدی، حسن علی اور محمد وسیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل میچ کا ٹاس میزبان ٹیم کے کپتان کیرن پولارڈ نے جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ قومی ٹیم کی جانب سے شرجیل خان اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا، شرجیل 20 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے اور رضوان نے 46 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ کپتان بابراعظم نے نصف سنچری اسکور کرنے کے بعد 51 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔
فخرزمان 15، محمد حفیظ 6، حسن علی 0، صہیب مقصود اور شاداب خان نے 5،5 رنز بنائے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیسن ہولڈر نے 4، ڈیوائن براو نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔