news
English

پاکستان نے ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز اپنے نام کرلی

سیریز میں قومی ٹیم کو ایک صفر کی برتری حاصل ہونے کے سبب سیریز پاکستان کے نام ہوگئی

پاکستان نے ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز اپنے نام کرلی تصویر: اے ایف پی

پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف چار میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز اپنے نام کرلی ہے۔ 

پروویڈینس میں کھیلے گئے پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سیریز کا چوتھا اور آخری میچ بھی بارش کی وجہ سے منسوخ کرنا پڑا۔ میچ کو 3 گھنٹے انتظار کے بعد منسوخ کرنے کا اعلان کیا گیا۔

سیریز میں قومی ٹیم کو ایک صفر کی برتری حاصل ہونے کے سبب سیریز پاکستان کے نام ہوگئی۔

پاکستانی کپتان بابر اعظم نے چوتھے اور آخری میچ کے لیے  ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ حریف ٹیم کے بلے بازوں نے 3 اوورز میں بغیر کسی نقصان پر 30 رنز بنا لیے تھے کہ اسی دوران بارش ہوگئی۔

بارش کا سلسلہ تھمنے پر میچ 9 اوورز تک محدود کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جسے ہی پچ پر سے کور ہٹائے گئے کہ دوبارہ بارش شروع ہوگئی جس کے بعد میچ ختم کرنا پڑا۔

خیال رہے کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا اور تیسرا میچ بھی بارش کی نذر ہوگیا تھا تاہم دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 7 رنز سے شکست دی تھی۔