news
English

پاکستانی کھلاڑیوں کا سری لنکا کے ساتھ ون ڈے سیریز پر خوشی کا اظہار

کپتان سرفراز احمد اس تاریخی موقع پر پاکستانی ٹیم کی قیادت کرنے پر بے حد خوش ہیں

پاکستانی کھلاڑیوں کا سری لنکا کے ساتھ ون ڈے سیریز پر خوشی کا اظہار PHOTO: AFP

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں سری لنکا کے ساتھ ون ڈے سیریز کے انعقاد پر پاکستانی کھلاڑیوں نے بے حد خوشی کا اظہار کیا۔ 

پاکستانی ٹیم کی قیادت کرنے والے سرفراز احمد نے اس تاریخی موقع کو اپنی زندگی کا اہم موڑ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ بے حد خوش ہیں کہ انہیں اپنے گھر یعنی کراچی میں سری لنکا کے ساتھ ہونے والی اہم ون ڈے سیریز میں قومی ٹیم کی قیادت کرنے کا موقع ملا ہے۔ پی سی بی کی طرف سے جاری ایک پریس ریلیز میں انہوں نے امید ظاہر کی کہ شہریوں کی بڑی تعداد ان مقابلوں کو دیکھنے کے لیے آئے گی۔ 

انہوں نے کہا کہ انہیں جمعے کے دن کا بے صبری سے انتظار ہے یہ دن ان کے لیے ایک انتہائی یادگار دن ہوگا۔ انہیں یقین ہے کہ وہ جب واپس جائیں گے تو ان کے پیچھے ایک بہت بڑا مجمع ہوگا جو نہ صرف ان کے لیے خوشی کا اظہار کرے گا بلکہ یہ دونوں ملکوں کے لیے بھی مسرت کا باعث ہوگا۔   

 ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی کھیل اور کھلاڑیوں کے لیے اس کے پرستار ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ اپنے مداحوں کی جانب سے ملنے والی محبت ان میں نئی روح اور توانائی پھونک دیتی ہے جس کے باعث ہر کھلاڑی کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ اپنے کیریئر کی بہترین کارکردگی کامظاہرہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے کراچی کے شہریوں اور کرکٹ فینز سے اپیل کی ہے کہ وہ اس تاریخی موقع پر اپنی بھرپور شرکت کو یقینی بنائیں تاکہ وہ اپنی آنے والی اگلی نسل کو بتاسکیں کہ نیشنل اسٹیڈیم میں برسوں بعد جب ایک انٹرنیشنل سیریز کھیلی جارہی تھی تو وہ اس کا  حصہ تھے۔

پاکستان کے ٹاپ آرڈر بیٹسمین بابر اعظم پہلی بار اس ون ڈے سیریز میں نائب کپتان کے طور پر ٹیم کا حصہ بنیں گے انہوں نے بھی اپنی حمایت کرنے پر اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔   
انہوں نے کہا کہ شروع سے لے کر آج تک انہیں اپنے مداحوں کی بھرپور محبت اور دعائیں حاصل رہی ہیں، جمعے کا دن میری زندگی کا بہت بڑا دن ہوگا کیونکہ اس دن میں قومی ٹیم کے نائب کپتان کی حیثیت سے اس تاریخی میچ کا حصہ بنوں گا۔ میری خواہش ہے کہ اس دن نیشنل اسٹیڈیم میں موجود ہزاروں کرکٹ فینز کی طرح ملک بھر سے لوگ اس میچ کو دیکھیں اور اس تاریخی دن کو یادگار بنائیں۔  

لیگ اسپنر شاداب خان نے بھی امید ظاہر کی کہ کراچی کے شائقین کی طرف سے بھر پور جوش و خروش کا مظاہرہ کیا جائے گا، جیسے پی سی ایل کے موقع پر کراچی والوں نے جوش و خروش دکھایا تھا جمعے کے دن بھی ایسا ہی جذبہ دیکھنے کو ملے گا جو میدان میں موجود قومی ٹیم کے لیے اکسیر کا کام کرے گا۔ 

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین میچوں کی ون ڈے سیریز کا پہلا میچ 27 ستمبر کو جمعے کے روز کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ اس سیریز کے اگلے دو میچ 29 ستمبر اور 2 اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔