پاکستان نے اپنی ٹیم کی سیکورٹی کے لیے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے فوری اقدامات کا مطالبہ کردیا۔
دنیا بھر کی نظریں آج بھارتی شہراحمد آباد پر ہیں جہاں دنیائے کرکٹ کے سب سے بڑے میلے ورلڈ کپ 2023 کا پہلامیچ دفاعی چیمپئن انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جارہا ہے تاہم میگا ایونٹ کے آغازسے بھارت نے دعویٰ کیا کہ میچ کے دوران دہشت گرد حملے کا خدشہ ہے۔
اس خدشے کے پیشِ نظر پاکستان نے اپنی ٹیم کی سیکورٹی کے لیے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔
پاکستان نے ورلڈ کپ کے انعقاد کے موقع پرپاک بھارت میچ سمیت احمد آباد میں شیدول دیگر میچز کے دوران ممکنہ دہشتگردی کی خبروں پر آئی سی سی سے گرین شرٹس کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا کہ کرکٹ ورلڈ کپ کا میزبان ملک ہماری ٹیم کو ضروری سیکورٹی فراہم کرے، اس بڑے ایونٹ کو احسن طریقے سے انجام تک پہنچانے کے لیے سازگارماحول پیدا کرنا بھارتی حکومت کی ذمہ داری ہے۔
پاکستانی شائقین کو بھارتی ویزے نہ ملنے کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں ترجامن دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ ویزوں کے اجرا کے لیے بھارت سے رابطے میں ہیں، بطور میزبان ملک کے بھارت کو پاکستانی شائقین کیلئے رکاوٹیں نہیں ڈالنی چاہئیں، ہم امید کرتے ہیں پاکستانی شائقین کو ورلڈ کپ دیکھنے کے لیے ویزے جاری کیے جائیں گے۔