سابق انگلش کپتان آئن مورگن کی گرین شرٹس کی حیران کردینے کی خاصیت سے متعلق پیشگوئی
انگلش ٹیم کے سابق کپتان آئن مورگن نے بھارت میں شیڈول ورلڈکپ 2023 کیلئے پاکستان کو ممکنہ سرپرائز دکھانے کا دعویدار قرار دے دیا۔
سابق انگلش کرکٹر اور کمنٹیٹر آئن مورگن نے میگا ایونٹ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی توقعات پر پورا اترنے کی صلاحیت پر اپنے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈکپ کے پریشر میں پاکستانی ٹیم میں شامل کھلاڑی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ “میرے خیال میں اس سال ہونے والے کرکٹ ورلڈکپ میں جو ٹیم سب کو حیران کر سکتی ہے، وہ پاکستان ہوگی”۔
دنیائے کرکٹ کے سب سے بڑے ایونٹ ورلڈکپ 2023 کا آغاز آج سے احمد آباد کے نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگیا ہے، جہاں دفاعی چیمپئین انگلینڈ کو نیوزی لینڈ سے مقابلے کا چیلنج درپیش ہے۔
پاکستانی ٹیم میگا ٹورنامنٹ میں اپنا پہلا میچ 6 اکتوبر کو نیدرلینڈز کے خلاف حیدرآباد کے راجیو گاندھی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گی۔