پاکستان میں پی ایس ایل 5 کا مکمل طور پر انعقاد ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی راہیں کھولنے کی کوششوں میں معاون و مددگار ثابت ہوگا
آئی سی سی کے نامزد سیکیورٹی آفیشل نے کہا ہے کہ پاکستان پرامن ملک بن چکا ہے اور کرکٹ سمیت تمام انٹرنیشنل کھیلوں کے مقابلوں کیلیے انتہائی موزوں ہے جس کیلیے حکومت اور سیکیورٹی اداروں نے قابل قدرکردار ادا کیا ہے۔
پاکستان میں پی ایس ایل 5 کا مکمل طور پر انعقاد ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی راہیں کھولنے کی کوششوں میں معاون و مددگار ثابت ہوگا، دنیا بھر میں کھیلوں کے مقابلوں کیلیے سیکیورٹی انتظامات کی جانچ اور منظوری دینے کی خدمات انجام دینے والے غیرملکی سیکیورٹی ادارے کے برطانوی نژاد پاکستانی شاہد افسر نے ان خیالات کا اظہار نمائندہ ایکسپریس سے پاکستان نیوی روشن خان، جہانگیرخان انٹرنیشنل اسکواش کمپلیکس میں غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
14 ویں چیف آف دی نیول اسٹاف انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلیے پی ایس اے کی جانب سے نامزد شاہد افسر نے کہا کہ پاکستان میں امن وامان کی صورتحال میں تیزی کے ساتھ آنے والی بہتری میں بتدریج اضافہ ملک میں انٹرنیشنل اسپورٹس کے انعقاد کی راہیں کھولے گا، انھوں نے کہا کہ پی ایس ایل فائیو پاکستان کرکٹ کیلیے سنگ میل ثابت ہوگا۔
پی ایس ایل 3اور4کے دوران خدمات انجام دینے والے شاہد افسر نے کہا کہ 20 فروری سے شروع ہونے والی لیگ کے 5 ویں سیزن کیلیے بھرپور سیکیورٹی انتظامات پرہم ہرطرح سے مطمئن ہیں، کراچی اورلاہورکی طرح راولپنڈی اورملتان میں بھی مطلوبہ معیار کے سیکیورٹی انتظامات کا اہتمام کیے جانے پر ہم نے آئی سی سی کو دونوں مراکز کی کلیئرنس دی ہے۔
شاہد افسر نے کہا کہ وہ اپنے ساتھی اہلکار کے ہمراہ پی ایس ایل5کے دوران اپنی ذمہ داری کے مطابق غیرملکی کھلاڑیوں اور آفیشلزکیلیے سیکورٹی انتظامات پرگہری نظررکھیں گے۔