news
English

آئی سی سی: پاکستانی کھلاڑیوں کی ٹی20 رینکنگ میں ترقی

فخر زمان نے انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹی20 میں صرف 21 گیندوں پر 45 رنز بنائے، جس سے وہ رینکنگ میں چھ مقامات اوپر چڑھ کر 51ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

آئی سی سی: پاکستانی کھلاڑیوں کی ٹی20 رینکنگ میں ترقی

پاکستان، ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے کھلاڑیوں نے آئی سی سی مردوں کی ٹی20 پلیئر رینکنگ کی تازہ ترین اپ ڈیٹ میں نمایاں پیشرفت کی ہے۔ گرین شرٹس کے مایہ ناز بلے باز فخر زمان نے انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹی20 میں صرف 21 گیندوں پر 45 رنز بنائے، جس سے وہ رینکنگ میں چھ مقامات اوپرچڑھ کر 51 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی کھلاڑیوں نےٹی 20 انٹرنیشنل رینکنگ میں ترقی کی ہے، آئی سی سی کی جاری کردہ نئی رینکنگ میں انگلینڈ کے کپتان جوس بٹلر نے برمنگھم میں شاندار 84 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد ٹی20 بلے بازوں میں ایک مقام اوپر چڑھ کر ساتویں نمبر پر آگئے ہیں۔ ان کے ساتھی کھلاڑی، جونی بیرسٹو، نے اسی میچ میں 21 رنز بنانے کے بعد آٹھ مقامات کی چھلانگ لگائی ہے اوروہ 36 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ 
ویسٹ انڈیز کے برانڈن کنگ، جانسن چارلس اور کائل میئرز نے بھی رینکنگ میں پیشرفت کی ہے، برانڈن کنگ پانچ مقامات ترقی کرکے آٹھویں نمبر پرآگئے ہیں، چارلس 17 مقامات اوپرچڑھ کر 20 ویں نمبر پر اور میئرز 12 مقامات اوپرچڑھ کر 31 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں، جنہوں نے حالیہ جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں شاندار کارکردگی دکھائی ہے۔ 
گڈاکیش مورتی، جنہیں جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں آٹھ وکٹیں لینے پر پلیئر آف دی سیریز کا اعزاز دیا گیا، نے ٹی20 بولرز کی رینکنگ میں شاندار ترقی کی ہے، وہ ٹاپ 100 میں 27 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ انگلینڈ کے ریس ٹوپلی نے بھی پیشرفت کی ہے، وہ  ٹی 20 بولرز میں ایک مقام اوپر چڑھ کرنویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ 
پاکستانی کیمپ میں، شاہین آفریدی تین مقامات اوپر چڑھ کر گیارہویں نمبر پر آ گئے ہیں، حارث رؤف دو مقامات اوپر چڑھ کر 25 ویں نمبرپرآ گئے ہیں اور عماد وسیم نے 14 مقامات کی نمایاں ترقی کی ہے، وہ بولرزکی انٹرنیشنل رینکنگ میں 38 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں، یہ سب حالیہ بولنگ کارکردگی کی بنیاد پر ممکن ہوسکا ہے۔