news
English

ٹی 20ورلڈکپ 2024 : پاکستان کی جانب سے اسکواڈ کا اعلان آج متوقع

پی سی بی کو ایک اہم ڈیڈ لائن کا سامنا، ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے قومی اسکواڈ کا حتمی اعلان 24 مئی تک ہونا ضروری ہے۔

ٹی 20ورلڈکپ 2024 : پاکستان کی جانب سے اسکواڈ کا اعلان آج متوقع

ٹی20 ورلڈکپ 2024 کے لیے قومی ٹیم کے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان آج ہونے کی توقع ہے کیونکہ پی سی بی کو ایک اہم ڈیڈ لائن کا سامنا ہے،آئی سی سی کے قواعد و ضوابط کے مطابق ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے قومی اسکواڈ کا حتمی اعلان 24 مئی تک ہونا ضروری ہے۔ 
آاج متوقع قومی پلیئنگ اسکواڈ سے سلمان آغا اور محمد عرفان نیازی کو ڈراپ کیے جانے کا امکان ہے۔  
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے فاسٹ بولر حسن علی کو پہلے ہی ورلڈکپ اسکواڈ سے ریلیز کردیا ہے جبکہ 18 رکنی اسکواڈ میں موجود سلمان علی آغا اور محمد عرفان خان نیازی کو ڈراپ کیے جانے کا امکان ہے۔ حسن علی کو پاکستان کے ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ سے باہر کیے جانے کے ساتھ ساتھ ان کی ورلڈ کپ اسکواڈ میں بھی شرکت کا امکان اب نہ ہونے کے برابر ہے۔ پاکستان کی ٹیم مینجمنٹ نے حسن علی کو واروکشائر کے لیے کاؤنٹی کرکٹ میں اپنی کمٹمنٹ پوری کرنے کے لیے فری ہینڈ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ 
ابتدائی طور پر حسن علی کو حارث رؤف کے لیے انجری کور کے طور پر منتخب کیا گیا تھا۔ قبل ازیں آئرلینڈ کیخلاف سیریز کے دوران فاسٹ بولر حسن علی کو موقع دیا گیا تھا تاہم انہوں نے کمزور آئرش بلےبازوں سے 3 اوورز میں 42 رنز کھائے اور کوئی وکٹ بھی حاصل نہ کرسکے۔ 
اسکواڈ کی تشکیل کو حتمی شکل دینے اور حارث رؤف کی فٹنس کے خدشات کو ممکنہ طور پر دور کرنے کے بعد انتظامیہ نے حسن علی کو اپنی کرکٹ کی کوششوں کو کہیں اور جاری رکھنے کا موقع دینے کا انتخاب کیا۔ یہ بات قابل غور ہے کہ حسن علی، جو اپنی جارحانہ تیز گیند بازی کے لیے جانے جاتے ہیں، کھیل کے مختلف فارمیٹس میں پاکستان کے لیے ایک اہم اثاثہ رہے ہیں۔ تاہم ٹیم مینجمنٹ نے اسکواڈ کے استحکام اور مستقل مزاجی کو ترجیح دی ہے جس سے حسن علی کو اپنے کاؤنٹی کرکٹ کے دور پر توجہ مرکوز کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ 
دوسری جانب ورلڈ کپ کے لیے مجوزہ پاکستانی اسکواڈ میں بابراعظم (کپتان)، ابرار احمد، اعظم خان، فخر زمان، حارث رؤف، افتخار احمد، عماد وسیم، محمد عباس آفریدی، محمد عامر، محمد رضوان، نسیم شاہ، صائم ایوب، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی اور عثمان خان شامل ہوں گے۔ ٹی20ورلڈکپ کیلئے قومی اسکواڈ کے اعلان کی ڈیڈ لائن 24 مئی ہے، پاکستان ٹیم اس وقت انگلینڈ کے خلاف سیریز کھیلنے میں مصروف ہے بعدازاں یکم جون کو میگا ایونٹ میں شرکت کیلئے امریکا روانہ ہوجائے گی۔ 

واضح رہے کہ پاکستان ورلڈکپ 2024 کے گروپ اے میں روایتی حریف بھارت، آئرلینڈ، کینیڈا اور امریکا کے ساتھ موجود ہے۔