پہلی اننگز میں پاکستان کے 282 رنز کے جواب میں آسٹریلوی ٹیم 145 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی
ابوظہبی ٹیسٹ میں دوسرے دن کھیل کے اختتام پر پاکستان نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز بنالیے جب کہ قومی ٹیم کو مجموعی طور پر 281 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔
ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے پہلی اننگز میں 282 رنز بنائے جس کے جواب میں آسٹریلیا کی پوری ٹیم 145 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
دوسری اننگز میں پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ اور فخرزمان نے اننگز کا آغاز کیا، حفیظ ایک بار پھر ناکام رہے اور صرف 6 رنز کے مہمان ثابت ہوئے تاہم فخرزمان نے ایک بار پھر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 66 رنز کی اننگز کھیلی۔
آج جب کھیل ختم ہوا تو پاکستان نے 2 وکٹوں پر 144 رنز بنا لیے تھے، اظہرعلی 54 اور حارث سہیل 17 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
دوسرے روز دن کے آغاز پر آسٹریلیا کی جانب سے ایرون فنج اور مچل اسٹارک نے نامکمل اننگز کا آغاز کیا لیکن محمد عباس نے شان مارش اور ٹراوس ہیڈ کو آؤٹ کرکے آسٹریلیا کی مشکلات میں اضافہ کردیا۔ آسٹریلیا کو پانچواں نقصان مچل مارش کی صورت میں اٹھانا پڑا اور پھر 85 کے مجموعی اسکور پر ایرون فنج کی ہمت بھی جواب دے گئی وہ 39 رنز پر بلال آصف کا شکار بنے۔
محمد عباس نے مچل اسٹاک کو 34 رنز پر پویلین بھیج کر اننگز میں اپنی پانچ وکٹیں مکمل کیں۔ قومی ٹیم کی جانب سے محمد عباس نے 5، بلال آصف نے 3 اور یاسر شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔
کھیل کے پہلے روز آسٹریلین اسپنر ناتھن لیون نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کی آدھی ٹیم کو صرف 57 رنز پر پویلین بھیج دیا تھا تاہم کپتان سرفراز احمد اور فخرزمان نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 94،94 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کا اسکور مستحکم کیا۔ آسٹریلیا کی جانب سے ناتھن لیون نے 4، لیبسچگنی نے 3 ، مچل مارش اور مچل اسٹاک نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے پہلے ٹیسٹ میں آسٹریلین بلے بازوں نے عمدہ بیٹنگ کے ذریعے میچ ڈرا کرکے پاکستان کو یقینی فتح سے محروم کردیا تھا۔