news
English

پاکستان ورلڈ کپ بابراعظم کی کپتانی میں کھیلے گا،نجم سیٹھی

پی سی بی مینیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم 2023 کا ورلڈ کپ بابر اعظم کی کپتانی میں کھیلے گی۔

پاکستان ورلڈ کپ بابراعظم کی کپتانی میں کھیلے گا،نجم سیٹھی

پی سی بی مینیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے ایک تازہ ترین انٹرویو میں کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں کپتان بابر اعظم کی کارکردگی تسلی بخش رہی اور بطور کپتان ان کی کارکردگی کا جائزہ ورلڈ کپ کے بعد ہی لیا جائے گا۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ ہر سیریز کے بعد نظرثانی کا عمل شروع ہوگا لیکن بابر اعظم کی کپتانی کو فوری طور پر کوئی خطرہ نہیں ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہم بابر اعظم کی قیادت میں ورلڈ کپ کھیلیں گے اس کے بعد دیکھیں گے اور جائزہ لیں گے کہ کیا تبدیلی کرنی ہے، بابر اعظم کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی کارکردگی پر توجہ دیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل قومی ٹیم کے سابق کپتان و ہیڈ کوچ مصباح الحق نے بھی بابر اعظم کی کپتانی پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ تمام ریکارڈ توڑنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

اس سے قبل نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ ہم آسانی سے کہہ سکتے تھے کہ بھارت نہیں آ رہا تو ہم بھی نہیں جائیں گے، لیکن انکار کرنے سے معاملات نہیں چل سکتے، جب تک پاکستان اوربھارت ایک دوسرے کا دورہ نہیں کر سکتے، ہائبرڈ ماڈل بہترین حل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے صرف ایشیا کپ کی نہیں، ورلڈ کپ اور چیمپئنز ٹرافی کی بھی فکر ہے، ایشین کرکٹ کونسل میں تجویز پیش کی تو لوگوں نے اس کو بہتر سمجھا۔