اہم ترین انگلش ٹور میں پاکستانی ٹیم کی فتوحات کا سلسلہ جاری ہے
ورلڈکپ سے قبل پاکستانی اوپنر فخرزمان نے حریفوں کیلیے خطرے کی گھنٹی بجا دی، وہ نارتھمپٹن شائر کیخلاف سنچری بنانے میں کامیاب رہے۔
اہم ترین انگلش ٹور میں پاکستانی ٹیم کی فتوحات کا سلسلہ جاری ہے، کینٹ کے بعد دوسرے ٹور میچ میں نارتھمپٹن شائر کو بھی 8 وکٹ سے شکست دے دی۔ 274کا ہدف پانے والے گرین شرٹس کواوپنرز فخرزمان اور امام الحق نے 157رنزکا مضبوط آغاز فراہم کیا، دونوں نے 23 ویں اوور تک میزبان بولرز کا ڈٹ کر سامنا کیا۔
اس دوران فخر نے اپنی روایتی جارحانہ مزاج بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچری مکمل کی تاہم 101 رنز پر انھیں ناتھن بک نے بولڈ کردیا، اوپننگ بیٹسمین نے 81 بالز کا سامنا کرتے ہوئے ایک چھکا جڑنے کے ساتھ 15 مرتبہ گیند کو باؤنڈری کی سیر کرائی، دوسرے اینڈ پر موجود امام الحق71 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے، انھیں ایان ہالینڈ نے بولڈ کیا۔
امام نے 79 گیندوں میں سے 2 پر چھکے اور 5 پر چوکے جڑے۔ گذشتہ میچ میں ناکام رہنے والے بابر اعظم کو بھی اس بار ہاتھ کھولنے کا موقع میسر آیا، انھوں نے کپتان سرفراز احمد کے ساتھ تیسری وکٹ کیلیے 68 رنز کی ناقابل شکست شراکت سے ٹیم کو 2 وکٹ پر 41 اوورز میں ہدف عبور کرادیا، بابر نے 53 گیندوں کا سہارا لیتے ہوئے 68 رنز بنائے، جس میں 3 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے، سرفراز 30 پر ناٹ آؤٹ رہے۔
اس سے قبل محمد عامر نے پہلی ہی گیند پر رچرڈ لیوی کو میدان بدر کردیا، بین کیورن اور کپتان جوش کوب نے احتیاط سے بیٹنگ کرتے ہوئے 10 اوورز میں 48 رنز بنائے، محمد حسنین نے کیورن کو بولڈ کرکے اس جوڑی کا خاتمہ کردیا، انھوں نے 23 رنز اسکور کیے۔
نئے آنے والے بیٹسمین ریکارڈو واسکونسیلوس صرف ایک رن بناکر ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئے، چارلی تھرسٹن نے کپتان کوب کا ساتھ دیتے ہوئے مجموعے کو 100 کے پار پہنچایا مگر خود 25 کے انفرادی اسکور پر حارث سہیل کا ریٹرن کیچ بن گئے۔
سیف زیب کا ایک رن پر یاسر شاہ نے اپنی ہی گیند پر کیچ لیا، ایان ہولینڈ کو جنید نے 9 رنز پر پویلین واپس بھیجا، 189 کے ٹوٹل پر میزبان سائیڈ کی چھٹی وکٹ گری جب ٹام سول عماد وسیم کی گیند پر ایل بی ڈبلیو قرار پائے، انھوں نے 22 رنز بنائے۔
اس کے بعد پاکستانی بولرز کے ہاتھ مزید کوئی وکٹ نہیں آئی، کپتان کوب نے بریٹ ہوٹن کی شراکت میں مجموعے کو 6 وکٹ پر 273 تک پہنچایا، وہ خود 146 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے،دوسرے اینڈ پر موجود ہوٹن نے ناٹ آؤٹ 27 رنز بنائے۔ عامر، جنید، حسنین، عماد، یاسر اور حارث نے ایک ایک وکٹ لی، جنید نے سب سے زیادہ 79 جبکہ یاسر نے61 رنز دیے۔