news
English

قومی ویمن ٹیم کی سابق کپتان بسمہ معروف روڈ ایکسیڈنٹ میں زخمی

کار حادثے میں قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان بسمہ معروف کے ساتھ غلام فاطمہ کو بھی چوٹیں آئی ہیں۔

قومی ویمن ٹیم کی سابق کپتان بسمہ معروف روڈ ایکسیڈنٹ میں زخمی

ترجمان پی سی بی کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والی دونوں کرکٹرز اس وقت پی سی بی کی میڈیکل ٹیم کی نگرانی میں ہیں اور انہیں ہر مطلوبہ طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق کراچی میں جاری قومی ویمن کرکٹ ٹیم کے تربیتی کیمپ میں شریک کھلاڑی بسمہ معروف اور غلام فاطمہ کار حادثے میں زخمی ہوگئیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا کہنا ہے کہ دونوں کھلاڑیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کر دی گئی ہے اور خطرے کی کوئی بات نہیں۔ پی سی بی حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ دونوں پلیئرز کراچی میں جاری کیمپ کا حصہ ہیں اور جمعے کی شب کار حادثے میں انہیں معمولی چوٹیں آئیں جس کے بعد انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کردی گئی ہے۔ 
ذرائع کے مطابق دونوں ویمن کرکٹرز جمعے کی شب کراچی میں مقیم ایک ساتھی کرکٹر کی دعوت پر ساتھ چائے پینے کی غرض سے ہوٹل سے نکلی تھیں کہ یوٹرن لیتے ہوئے ان کی گاڑی فٹ پاتھ سے جا ٹکرائی، حادثے میں دیگر پلیئرز محفوظ رہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بسمہ معروف اور غلام فاطمہ کی انجری بھی بہت معمولی نوعیت کی تھی، دونوں پلیئرز کے مقامی اسپتال میں ٹیسٹ بھی ہوئے ہیں اور پی سی بی کا میڈیکل پینل بھی ان کی دیکھ بھال کر رہا ہے۔ دونوں کرکٹرز جلد صحتیاب ہو کر گرائونڈ میں پرفارم کرتی نظر آئیں گی۔