news
English

نیوزی لینڈ سیریز کے لیے پاکستان کا ممکنہ بیٹنگ آرڈر سامنے آگیا

منگل کے روز پریکٹس سیشن میں ایک نئی اوپننگ جوڑی کو نئی گیند کے ساتھ بیٹنگ کرتے دیکھا گیا۔

نیوزی لینڈ سیریز کے لیے پاکستان کا ممکنہ بیٹنگ آرڈر سامنے آگیا

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے دریان پانچ میچوں کی سیریز کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کی آکلینڈ میں تیاریاں جاری ہیں، منگل کے روز ہونے والے پریکٹس سیشن کے دوران گرین شرٹس کی ایک نئی اوپننگ جوڑی کو نئی گیند کے ساتھ بیٹنگ کرتے دیکھا گیا جس سے قیاس کیا جارہا ہے کہ پاک نیوزی لینڈ سیریز کے لیے پاکستان کا ممکنہ بیٹنگ آرڈر سامنے آگیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق پاکستانی کرکٹ ٹیم نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی 20 سیریز کے لیے آکلینڈ میں پریکٹس کی۔ 
گزشتہ روز نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ پہنچنے والی قومی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں نے پریکٹس سیشن میں حصہ لیا، سیشن کے  دوران کھلاڑیوں نے 3 گھنٹے تک بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کی مشقیں کیں۔ 
پریکتس سیشن کے دوران محمد رضوان اور صائم ایوب نے اننگز کا آغاز کیا جبکہ اس سے قبل قومی ٹیم کی اوپننگ رضوان اور بابر اعظم کیا کرتے تھے۔
پریکٹس سیشن کے دوران پاکستانی بولرز بشمول کپتان شاہین آفریدی، حارث رؤف اور زمان خان نے رضوان اور صائم کے خلاف بولنگ کی جو کہ نئی گیند کا سامنا کرتے ہوئے بیٹنگ اینڈ پر تھے۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ 12 جنوری کو آکلینڈ میں کھیلا جائے گا، قومی کرکٹ ٹیم کے کچھ کھلاڑی گزشتہ روز آسٹریلیا سے نیوزی لینڈ پہنچے تھے۔ 
آسٹریلیا سے نیوزی لینڈ پہنچنے والے کھلاڑیوں میں بابر اعظم، صائم ایوب، محمد رضوان، عامر جمال، شاہین آفریدی اور وسیم جونئیر شامل ہیں جبکہ گرین شرٹس کے چھ کھلاڑی پہلے ہی نیوزی لینڈ پہنچ چکے ہیں۔  
پاکستان کا اسکواڈ: 
نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان کے پلیئنگ اسکواڈ میں شاہین شاہ آفریدی (کپتان)، محمد رضوان (نائب کپتان اور وکٹ کیپر)،عامر جمال، عباس آفریدی، اعظم خان، بابراعظم، فخر زمان، حارث رؤف، حسیب اللہ، افتخار احمد، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، اسامہ میر اور زمان خان شامل ہیں۔ 
نیوزی لینڈ کا اسکواڈ: 
ہوم سیریز کے لیے نیوزی لینڈ کے پلیئنگ اسکواڈ میں کین ولیمسن(کپتان)، ڈیون کونوے، فن ایلن، ٹم سیفرٹ، ڈیرل مچل، گلین فلپس، مارک چیپمین، جوش کلارکسن، مچل سینٹنر، میٹ ہنری، ایش سودھی، ٹم ساؤتھی، لوکی فرگوسن، ایڈم ملنے اور بین سیئرز شامل ہیں۔