news

پاکستان اور افغانستان کے درمیان دوسرا ون ڈے آج کھیلا جائے گا 

دونوں ٹیمیں بھرپورتیاری کے ساتھ ہمبنٹوٹا میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی۔

پاکستان اور افغانستان کے درمیان دوسرا ون ڈے آج کھیلا جائے گا 

پاکستان اور افغانستان کے درمیان تین میچوں کی سیریز کا دوسرا ون ڈے میچ آج کھیلا جائے گا۔ 
دونوں ٹیمیں سری لنکن سرزمین پر ہمبنٹوٹا میں مدمقابل آئیں گی، میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 2:30 بجے شروع ہوگا۔ 
گرین شرٹس کو سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔ پاکستانی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 202 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی تھی جبکہ ہدف کے تعاقب میں افغانستان کی ٹیم صرف 59 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی۔ میچ کے ہیرو حارث رؤف تھے جنہوں نے صرف 18 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کی تھیں اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے تھے۔
سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے افغان ٹیم کو 142 رنز کے بڑے مارجن سے زیرکرکے منفرد ریکارڈ اپنے نام کیا تھا۔ 
دونوں ٹیمیں ایشیاکپ اور ورلڈکپ جیسے میگا ایونٹس کی تیاریوں کے سلسلے میں یہ سیریز کھیل رہی ہیں، تینوں میچز کی میزبانی افغان بورڈ سری لنکا میں کررہا ہے۔ 
اس سے قبل پاکستان اور افغانستان کی ٹیمیں 4 ون ڈے انٹرنیشنلز میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئی ہیں جس میں قومی ٹیم نے 4 میچز جیت رکھے ہیں۔ 
قومی ٹیم برتری ڈبل کرنے کے لیے پُرعزم ہے، پاکستان کی نظریں تینوں میچز جیت کر عالمی نمبر ون پوزیشن پر ہیں۔ پاکستانی ٹیم سیریز میں کلین سوئپ کر کے آئی سی سی ون ڈے ٹیم رینکنگ میں ایک بار پھر ٹاپ پوزیشن حاصل کر سکتی ہے۔
افغانستان کے خلاف پاکستان کے پلیئنگ الیون اسکواڈ میں فخر زمان، امام الحق، بابراعظم (کپتان)، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، آغا سلمان، افتخار احمد، شاداب خان، اسامہ میر، شاہین آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف شامل ہیں۔ 
افغانستان سیریز کے لیے پاکستانی اسکواڈ: 

عبداللہ شفیق، فخر زمان، امام الحق، بابر اعظم (کپتان)، سلمان علی آغا، افتخار احمد، طیب طاہر، سعود شکیل، محمد رضوان، محمد حارث، شاداب خان (نائب کپتان)، محمد نواز، اسامہ میر، فہیم اشرف، حارث رؤف، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، شاہین آفریدی۔