پاکستان کرکٹ بورڈ کے سلیکٹرز منگل کی صبح پریس کانفرنس کے ذریعے پلینگ اسکواڈ کا اعلان کریں گے۔
نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے پاکستان کا ممکنہ اسکواڈ ترتیب دے دیا گیا، اس حوالے سے سلیکٹرز منگل کی صبح پریس کانفرنس کے ذریعے اسکواڈ کا اعلان کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے اعلان کیا ہے کہ سلیکٹرز منگل کی صبح ایک پریس کانفرنس کے ذریعے نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان کی آئندہ ہوم ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے پلیئنگ اسکواڈ کا اعلان کریں گے۔
محسن نقوی نے اتوار کے روز صحافیوں کو بتایا کہ سلیکشن کمیٹی نے مجھے بتایا ہے کہ وہ 9 اپریل کی صبح ایک پریس کانفرنس کے ذریعے [نیوزی لینڈ سیریز کے ساتھ کھیلنے کے لیے) پاکستانی اسکواڈ کا اعلان کریں گے۔
سلیکٹرز کی جانب سے سیریز کے لیے 18 رکنی اسکواڈ کا انتخاب کرنے کی توقع ہے، جس میں ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 سے قبل کھلاڑیوں کو میچ کا تجربہ حاصل کرنے کے لیے کافی مواقع فراہم کرنے پر توجہ دی جائے گی۔
بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز محمد عامر اور آل راؤنڈر عماد وسیم، جو دونوں حال ہی میں بین الاقوامی ریٹائرمنٹ سے واپس آئے ہیں، ان کو بین الاقوامی کرکٹ کے لیے ضروری میچ فٹنس حاصل کرنے کے لیے کھیلنے کا کافی وقت ملے گا۔ جبکہ حارث رؤف اب بھی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن کے دوران لگنے والی انجری سے صحت یاب ہو رہے ہیں، فخر زمان کا انتخاب غیر یقینی ہے کیونکہ وہ پی ایس ایل کے حالیہ سیزن میں انجری کا شکار ہونے کے بعد دوبارہ فٹنس حاصل کرنے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔
عثمان خان کو اسکواڈ میں شامل کیے جانے کا امکان ہے اور توقع ہے کہ وہ کیویز کے خلاف پلیئنگ الیون میں چوتھے نمبر پر بیٹنگ کریں گے۔
محسن نقوی نے کہا کہ عثمان خان یقینی طور پر اسکواڈ کے لیے زیر غور ہیں۔
دوسری جانب بابر اعظم، عثمان خان، عماد وسیم، محمد عامر، صائم ایوب، محمد رضوان، شاداب خان، افتخار احمد، اعظم خان، شاہین آفریدی اور نسیم شاہ کا قومی اسکواڈ کا حصہ ہونا یقینی ہے۔
مزید برآں آغا سلمان، صاحبزادہ فرحان، عرفان خان نیازی، محمد وسیم جونیئر، زمان خان اور عباس آفریدی کو بھی 18 رکنی دستے میں شامل کرنے پر غور جاری ہے۔ سیریز کے لیے ابرار احمد یا اسامہ میر میں سے کسی ایک اسپنرکا انتخاب کیا جائے گا۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم 18 اپریل سے شروع ہونے والی پانچ میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے 14 اپریل کو پاکستان پہنچے گی جس کے تین میچ راولپپنڈی اور بقیہ دو لاہور میں شیڈول ہیں۔
نیوزی لینڈ کا اسکواڈ:
مائیکل بریسویل (کپتان)، فن ایلن، مارک چیپ مین، جوش کلارکسن، جیکب ڈفی، ڈین فاکس کرافٹ، بین لِسٹر، کول میک کونچی، ایڈم ملنے، جمی نیشام، ول اوورکے، ٹم رابنسن، بین سیئرز، ٹم سیفرٹ (وکٹ کیپر) اور ایش سوڈھی شامل ہیں۔