news
English

پاپوانیوگنی نے ٹی 20 ورلڈکپ 2024 کے لیے اسکواڈ کا اعلان کردیا

زمبابوے کے سابق کرکٹر اور پی این جی کے نئے ہیڈ کوچ تٹینڈا تائیبو نے اہلیت حاصل کرنے والے اسکواڈ پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

پاپوانیوگنی نے ٹی 20 ورلڈکپ 2024 کے لیے اسکواڈ کا اعلان کردیا

پاپوا نیو گنی نے آئندہ ماہ سے شروع ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے لیے اپنے اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے، اسد اللہ والا ایک بار پھر پی این جی کی قیادت کر رہے ہیں۔ اللہ والا، جنہوں نے 2021 کے ایڈیشن میں ٹیم کی کپتانی بھی کی تھی، کیریبین شو ڈاون میں نائب کپتان سی جے امینی کی مدد حاصل کریں گے۔ 
پی این جی کے اعلان کردہ اسکواڈ میں 2021 کی کامیاب مہم کے مانوس چہرے ہیں، جن میں 10 کھلاڑی شامل ہیں جو پچھلے ٹورنامنٹ کا حصہ تھے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ جیک گارڈنر، جو 2021 میں ریزرو کھلاڑی تھے، نے اس بار 15 کھلاڑیوں کے اسکواڈ میں جگہ بنائی ہے۔ 
جولائی 2023 میں ایسٹ ایشیا پیسیفک ریجنل فائنل کے ذریعے اپنی جگہ محفوظ کرنے کے بعد، جہاں وہ ناقابل شکست رہے، پی این جی پہلے سے زیادہ تیار ہے۔ اسداللہ والا نے ٹیم کی تیاری پر اعتماد کا اظہار کیا، خاص طور پر 2021 کے ٹورنامنٹ کے دوران وبائی مرض کووڈ 19 کی وجہ سے درپیش چیلنجوں کو نیویگیٹ کرنے کے بعد ان کا کہنا ہے کہ وہ ایک مضبوط ٹیم کی قیادت کرنے کے لیے پُرجوش ہیں۔ 
زمبابوے کے سابق کرکٹر اور پی این جی کے نئے ہیڈ کوچ تٹینڈا تائیبو نے ناتھن ریارڈن کے معاون کوچ کے طور پر شامل ہونے کے ساتھ اپنی ٹیم کی میگا ایونٹ میں اہلیت حاصل کرنے والے اسکواڈ پر اعتماد ظاہر کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی این جی اپنی مہم میں بہت زیادہ تجربہ لانے کے لیے تیار ہے۔ 
چاڈ سوپر جیسے اہم کھلاڑی، جنہوں نے ملائیشیا اور عمان کے حالیہ دوروں میں کرکٹ شائقین کو اپنی پرفارمنس سے متاثر کیا، ٹیم کی مضبوطی میں اضافہ کرتے ہیں۔ نوجوان ٹیلنٹ جان کاریکو، جنہیں 2022 میں انڈر 19ورلڈ کپ میں کھیلنے کے باعث ویسٹ انڈیز کے حالات کا تجربہ ہے، اسپن کے شعبے میں جوش اور مہارت کے ساتھ اپنا کھیل دکھائیں گے۔ 
آٹھ آل راؤنڈرز پر مشتمل اسکواڈ اور دائیں اور بائیں ہاتھ کی باؤلنگ کے آپشنز کے آمیزے کے ساتھ، پی این جی دو جون کو میزبان ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنے پہلے میچ کے لیے تیار ہے۔ 
پی این جی کے اپنے گروپ میں یوگنڈا، افغانستان اور نیوزی لینڈ کے خلاف میچز اس کے بعد ہوں گے۔ 
پاپوا نیو گنی کا اسکواڈ:
اسد اللہ والا(کپتان)، سی جے امینی ( نائب کپتان)، الی ناؤ، چاڈ سوپر، ہلا ویرے، ہیری ہیری، جیک گارڈنر، جان کیریکو، کبوا واگی موریا، کپلنگ ڈوریگا، لیگا سیاکا، نارمن وانوا، سیما کامیا، سیس باؤ اور ٹونی یورا۔