news
English

ایشیاء کپ میں شکت،آکاش چوپڑا، عرفان پٹھان کے پاکستان پر طنز کے تیر

سری لنکا نے جمعرات کے روز پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ہرا کر ایونٹ سے باہر کر دیا تھا۔

ایشیاء کپ میں شکت،آکاش چوپڑا، عرفان پٹھان کے پاکستان پر طنز کے تیر

کولمبو میں جمعرات کو ہونے والے اہم مقابلے میں سری لنکا نے پاکستان کو سنسنی خیز میچ کے بعد ہرا کر ایونٹ سے باہر کردیا۔ ایشیاء کپ سے باہر ہونے کے بعد بھارتی کمنٹیٹر آکاش چوپڑا نے پاکستانی کرکٹ کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا، ان کے ساتھ بھارتی ٹیم کے سابق پیسر عرفان پٹھانے بھی پیچھے نہ رہے۔ 
عرفان پٹھان اور آکاش چوپڑا نے سوشل میڈیا پر 2023 کے ایشیا کپ سے غیر متوقع طور پر باہر نکلنے پر پاکستان کو خوب ٹرول کیا۔ 
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس( ٹوئٹر) پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے آکاش چوپڑا نے کہا کہ ’پاکستان، جسے ایونٹ کے لیے فیورٹ ٹیم سمجھا جاتا تھا اصل میں ایشیاء کپ کی تیسری بہترین ٹیم تھی‘۔ 
دوسری جانب عرفان پٹھان نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر لکھا کہ سری لنکا کے خلاف فائنل کھیلنا ٹیم انڈیا کے لیے بہتر ہوگا کیونکہ یہ یک طرفہ معاملہ نہیں ہوگا،‘‘ 
ان کا کہنا تھا کہ سری لنکا نے پچھلے دو میچوں میں بہت اچھا کھیلا ہے۔ ان کے پاس خالص بلے باز ہیں جو اچھی بولنگ بھی کرسکتے ہیں۔ لمبی بیٹنگ لائن اپ سری لنکا کو یقینی طور پر مستقبل کے لئے ایک اہم ٹیم بناتی ہے۔،،
یاد رہے کہ گزشتہ روز کولمبو میں کھیلے گئے سپر 4 مرحلے کے اہم ترین میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد سری لنکا نے پاکستان کو شکست دے کر ایشیاء کپ کے فائنل میں جگہ بنالی۔ کولمبو میں ایشیاء کپ 2023ء کا فائنل اب سری لنکا اور بھارت کے درمیان 17 ستمبر بروز کو اتوار کے روز کھیلا جائے گا۔
جمعرات کے روز کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے پاکستان کی جانب سے دیا گیا 252 رنز کا ہدف آخری اوور میں 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔ سری لنکا کی اننگز کے دوران پاکستان کی ایک غلطی قومی ٹیم کے لئے شکست کی سب سے بڑی وجہ بن گئی۔ محمد رضوان کے ہاتھوں 10 رنز پر کیچ ڈراپ ہونے والے لنکن بلے باز اسالنکا میچ کے آخر تک وکٹ پر موجود رہے اور آخری اوور میں اپنی ٹیم کو فتح دلوانے میں کامیاب ہو گئے، انہوں نے 49 رنز کی زبردست اننگز کھیلی۔ 
سری لنکا کی جانب سے کوشل مینڈس 91 رنز کی اننگز کھیل پر سب سے نمایاں رہے، جبکہ پاکستان کی جانب سے افتخار احمد 3 وکٹیں حاصل کر کے سب سے کامیاب بولر رہے۔ اس سے قبل پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ایشیاء کپ سپر فور مرحلے کے اہم میچ میں سری لنکا کو کامیابی کے لیے 253 رنز کا ہدف دیا تاہم ڈی ایل ایس سسٹم کے تحت لنکن بلے بازوں کیلئے ہدف میں ایک رن کی کمی کر دی گئی۔
بارش کے باعث میچ تاخیر سے شروع ہونے کی وجہ سے میچ کو 45 اوورز فی اننگز تک محدود کیا گیا جو بعد ازاں دوبارہ بارش ہونے کی وجہ سے 42 اوورز تک محدود کرنا پڑا۔ کولمبو میں کھیلے گئے سری لنکا کیخلاف میچ میں پاکستان کا آغاز اچھا نہ رہا۔ عبد اللہ شفیق اور فخر زمان کو مشکلات کا سامنا رہا، 5ویں اوور میں فخر زمان کو پرامود مدھوشان نے کلین بولڈ کردیا۔ 
بابر اعظم اور عبداللہ شفیق کے درمیان 50 رنز سے زائد کی پارٹنر شپ قائم ہوئی ، بابراعظم 29 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ عبداللہ شفیق بھی 52 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔ محمد حارث پریتھانا کی گیند پر انہی کو کیچ دے بیٹھے۔ حارث نے صرف 3 رنز بنائے۔ محمد نواز کو مہیش تھیکشانا نے بولڈ کیا، انہوں نے 12 رنز بنائے۔ اس موقع پر بارش کے باعث میچ روکا گیا ، بعد میں اوورز کی مزید کٹوتی کردی گئی اور میچ کو 42، 42 اوورز فی اننگز تک محدود کردیا گیا۔
بارش کے بعد محمد رضوان اور افتخار احمد نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا، رضوان نے اپنی نصف سنچری مکمل کی ،افتخار 47 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ پاکستان نے بارش سے متاثرہ میچ میں مقررہ 42 اوورز میں7 وکٹوں پر 252 رنز بنائے۔ محمد رضوان نے 73 گیندوں پر ناقابل شکست 86 رنز بنائے، وکٹ کیپر بیٹر کی اننگز میں 2 چھکے اور 6 چوکے شامل ہیں۔